|

وقتِ اشاعت :   November 25 – 2021

وفاقی وزیرتوانائی حماد اظہرکا کہنا ہے کہ جائز مطالبات مانیں گے لیکن ناجائز مطالبات تسلیم نہیں کریں گے۔

وفاقی وزیرتوانائی نے کہا کہ پٹرول پمپس کی ہڑتال کی آڑ میں کچھ گروپس 9 روپے کا اضافہ کروانا چاہتے ہیں، لیکن چند کمپنیوں کو نوازنے کے لئے 9 روپے کا اضافہ نہیں کیا جا سکتا۔

اپنے بیان میں حماد اظہرکا کہنا تھا کہ پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطالبے پر مارجن میں اضافے کی سمری پہلے ہی ای سی سی میں پیش کر دی گئی ہے۔

آئندہ اجلاس میں اس کا فیصلہ بھی ہو جائے گا لیکن جائز مطالبات تسلیم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول پمپ مالکان کی مشکلات کا احساس ہے لیکن پٹرول پمپ مالکان بھی عوام کی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے اپنے فیصلے پر نظرثانی کریں۔

پیٹرولیم ڈیلرزایسوسی ایشن  کی جانب سے آج ملک بھرمیں ہڑتال  کی جا رہی ہے، جس سے شہریوں کو  پیٹرول کے حصول کے لیے مشکلات کا سامنا ہے۔

آج صبح 6 بجے   سےملک بھر میں  پٹرول پمپ بند کر دیے گئے ہیں، رپورٹ کے مطابق صرف ایمبولنس کو پٹرول مہیا کیا جائے گا۔ لاہور، کراچی، کوئٹہ، پشاور سمیت ملک بھر میں پیٹرول کی فراہمی روک دی گئی ہے۔

پیٹرولیم ڈیلرز کی جانب سے کمیشن مارجن 3 سے 6 فیصد کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے، تاہم شیل پاکستان نے پیٹرول کی فراہمی جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔