|

وقتِ اشاعت :   November 26 – 2021

پنجگور: چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا کا آئی جی پولیس طاہر رائے کے ہمراہ پنجگور کا دورہ کمشنر ہاؤس میں ڈپٹی کمشنر پنجگور اور دیگر افسران نے اپنے محکموں سے متعلق چیف سیکرٹری کوبریفنگ دی اور درپیش مسائل اور اقدامات سے انہیں آگاہ کیا بعد ازاں چیف سیکرٹری سے انجمن تاجران کمیٹی کے نمائندوں کے وفد نے بھی ملاقات کی اور مسائل سے آگاہ کیا۔

خصوصاً بارڈر پر درپیش مسائل گوش گزار کرائے اور لوگوں کے روزگار کی بابت بات چیت کی اور کہا کہ اگر بارڈر پر شناختی کارڈ کے زریعے لوگوں کو چھوڑا جائے تو اس سے زیادہ لوگ روزگار کرسکیں گے اور گیٹوں کی تعداد بڑھانے کی ضرورت ہے اور ساتھ میں مکران کے عوام کا خوردنی اشیاء کے لئے انحصار ایران بارڈر پر ہے لہذا اس حوالے سے بھی عوام کو ریلیف دیا جائے چیف سیکرٹری مطہر نیاز رانا نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کے بنیادی مسائل کے حل اور سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے فوری اور دیرپا اقدامات کررہی ہے بارڈر پر یہاں کے لوگوں کے جو مسائل ہیں انکو کافی حد تک حل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور مکران کے دورے کا مقصد بھی یہ جاننا ہے کہ عوام کا حکومت کے اقدامات اور اس سے کنسرن اداروں کی کارکردگی کے بارے کیا تاثرات ہیں کہ آیا واقعی عوام حکومتی اقدامات سے مطمئن ہیں یا مذید اصلاحات اور اقدامات کی ضرورت ہے۔

چیف سیکرٹری بلوچستان نے کہا کہ پنجگور میں زراعت کے وسیع مواقع موجود ہیں زراعت چونکہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اسے پرومٹ کرکے ہم ایک خوشحال مستقبل کی طرف گامزن ہوسکتے ہیں پنجگور میں زراعت کے حوالے سے عملی اقدامات کرنے جارہے ہیں اور تمام سیکرٹریز یز کے ہمراہ پنجگور میں قیام کرکے عوام کو انکے مسائل پر ان بورڈ لیں گے خصوصاً زراعت پیشہ افراد کے مسائل پر فوری پیش رفت وقت کی ضرورت ہے تاکہ ہماری زراعت فروغ حاصل کرنے ساتھ ساتھ لوگوں کے لیے زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقعے پیدا ہوسکیں انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت ہیلتھ پر بھی کام اور اصلاحات کررہی ہے پنجگور کے لوکل ڈاکٹروں کی پنجگور میں پوسٹنگ کرکے عوام کی مشکلات کا ازالہ کریں گے تاکہ انہیں مقامی سطح پر صحت کی بہتر سہولت میسر آجائیں ۔