|

وقتِ اشاعت :   November 26 – 2021

کو ئٹہ: جمعیت علما اسلام کے رہنما اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم )کے ترجمان مولاناحافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ نالائق اور اناڑی حکمرانوں نے قوم کو آٹے،چینی کے بعد اب پیٹرول کے لئے بھی قطار میں کھڑا کردیا ہے۔حکمران تو پہلے ہی آئی ایم ایف کے سامنے سرنگوں تھے آئی ایم ایف کے ساتھ نئے معاہدے نے عوام کو بھی ان کے سامنے لٹا دیا ہے۔

اپنے جاری کردہ بیان میں مولاناحافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ نئے پاکستان میں اسٹیٹ بنک اور پیسہ ملکی عوام کا پر اس کا اختتار اب آئی ایم ایف کے پاس ہو گا واہ یہ ہے نیا پاکستان، ملک و قوم کو آئی ایم ایف کے چنگل سے آزاد اور عظیم بنانا ہے تو ہمیں عمران خان جیسے حکمران سے نجات کے لیے جدو جہد کرنا ہوگی،انہوں نے کہا کہ تین سال سے عظیم قوم ایک نالائق اوراناڑی کے ہتھے چڑھ چکی ہے اسی لیے توتین سالوں سے مہنگائی کی چکی میںقوم کو رگڑا لگا کرتقریروں سے مکھن لگانے کی ناکام کوشش ہورہی ہے، عمران خان نے قوم کوایک ،عظیم بھکاری قوم بنادیا ہے،حکمران مہنگائی کم کرنے کے بجائے مہنگائی کے فوائدگنوارہے ہیں، عمران حکومت اور مسلط رہی تووہ دن دورنہیں کہ قوم مردے بغیرکفن دفنانے پرمجبورہوگی۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کیساتھ سخت ترین شرائط پر شوکت ترین،کا تازہ ترین،معاہدہ عوام کیلئے مشکل ترین،ثابت ہوگا،حکمران آئی ایم ایف کے سامنے پہلے ہی لیٹ چکے تھے حالیہ معاہدے سے قوم کو بھی آئی ایم ایف کے سامنے لٹادیاگیا ہے۔اس معاہدے کے تحت،منی بجٹ،لایاجارہاہے جس سے پٹرول سمیت کھانے پینے کی اشیامیں مزیداضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جمعیت علما اسلام اور پی ڈی ایم کی دیگر جماعتیں مل کر قوم کو موجودہ نااہل اور سیلیکٹڈ حکمرانوں سے چھٹکارا دلانے کے لیے میدان عمل میں ہے اس لئے قوم پی ڈی ایم کا ساتھ دیں۔