|

وقتِ اشاعت :   December 4 – 2021

گوادر:  آل پارٹیز گوادر کے رہنماوں نے گوادر پریس کلب میں منعقدہ پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم گوادر عوام کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے ہمیشہ میدان عمل میں رہے ہیں عوامی مسائل کے لیے قیدو بند کی صعوبتیں برداشت کی ہیں۔ یہاں کے لوگ اب بھی بنیادی مسائل کے حل کے لیے احتجاج اور مظاہرہ کر رہے ہیں۔ مگر بہری،اندھی گونگی حکومت کو کوئی پرواہ نہیں۔ہم حق دو تحریک کے مطالبات کی حمایت کرتے ہیں۔گوادر کے ایشوز پر 12 دسمبر کو سیمینار کیا جائے گا۔

گوادر میں بلوچ طلبا کو ماروائے عدالت قانون غائب کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے گوادر کے عوامی مسائل پر جاری دھرنے کی کھبی مخالفت نہیں کی بلکہ آل پارٹیز ہمیشہ عوامی حقوق اور مسائل کے حل کے لیے میدان عمل میں رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کو عوامی مسائل پر کوئی سروکار نہیں ساحل بلوچستان کو ٹرالرز مافیا کے حوالے کر دیا گیا ہے جنہوں نے ہمارے زر خیز سمندر کو بانجھ بنا دیا جس سے ماہی گیر فاقہ کشی پر مجبور ہو گئے ہیں۔بارڈر کو سیل کر کے لوگوں کے روزگار پر قدغن لگا دیا گیا ہے۔ جبکہ شہریوں کو ہمیشہ سیکورٹی کے نام پر تنگ کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے طلبا کو ماروائے عدالت غائب کرنے کا سلسلہ ہنوز جاری ہے جس سے اس خطے کی حالات کو ایک سوچھی سمجھی سازش کے تحت خراب کیا جارہا ہے۔گزشتہ دنوں گوادر یونیورسٹی کے تین طلباء کو ہاسٹل سے اٹھا کر غائب کردیا گیا ہے۔جوکہ ظلم و زیادتی کے مترادف ہے۔انھوں نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ لاپتہ کئے گئے طلبا کو فوری طور پر بازیاب کیا جائے۔

انھوں نے کہا کہ گوادر اور بلوچستان کو اللہ تعالیٰ نے قدرتی وسائل سے مالا مال کیا ہے لیکن ہمارے وسائل کو گزشتہ کئی عرصے سے غضب کیا جارہا ہے۔۔انھوں نے کہا کہ بلوچستان ملک کا ایک قیمتی اثاثہ ہیں۔رکوڈک، اور سیندک میں سونے کے وسیع ذخائر موجود ہیں۔بلوچستان کے وسائل کے بغیر ملک کا چلنا ناممکن ہے۔انھوں نے کہا کہ گوادر سی پورٹ اور دیگر میگا پروجیکٹس کو صوبائی حکومت کی اختیارات میں لائے بغیر اور بلوچستان کی سیاسی قیادت کو آزادانہ طور پر سیاسی عمل کرنے نہیں دیا جا تا اس وقت تک سیاسی اضطراب کو ختمِ نہیں کیا جاسکتا۔انھوں نے کہا کہ بلوچوں نے گزشتہ 70 سالوں سے محکومیت،قومی محرومی، ا ور استحصال پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

ان تمام حالات کے باوجود صوبے کے جمہوری و پارلیمانی سیاسی جماعتوں نے پر امن طریقے سیاست کو ترجیح دی۔انہوں نے کہا کہ ہم عوامی مسائل،سمیت پارلیمانی پریکٹس کرنے اور عوام سے جڑے رہنے پر ہمیشہ اپنا تاریخی کردار ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ محرومیوں کا سلسلہ بند کیا جائے۔ہمارے علاقوں میں سی پیک کے راہ میں حائل رکاوٹیں ختم کی جائیں،پسنی جیٹی کی ڈریجنگ کی جائے اور ضلع بھر میں منشیات کی روک تھام کی جائے۔انہوں نے کہا کہ آل پارٹیز عوامی ایشوز گوادر کے مسائل اور ان کا حل کے عنوان پر اتوار 12 دسمبر کو آر سی ڈی سی کلب میں سیمینار منعقد کیا جائے گا۔پریس کانفرنس سے سعید فیض ایڈووکیٹ،مولا بخش مجاہد،آدم قادر بخش، اعجاز حسین،اکرم حیات،حاجی مولا بخش و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ پریس کانفرنس میں آل پارٹیز گوادر کے کارکنوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔