کوئٹہ: امیرجماعت اسلامی بلوچستان مولاناعبدالحق ہاشمی نے کہاکہ صوبائی حکومت گوادر پرچڑھائی کرنے کے بجائے پرامن مزدور پیشہ اورمحب وطن دھرناشرکاء کے مسائل حل کرنے پرتوجہ دے پورے صوبے کی پولیس کو گوادربھیجنے کاکوئی جوازنہیں نہتے اورمظلوم عوام کو خوفزدہ کرنا شرمناک عمل ہے ضروری ہے کہ حکومتی وسائل ،غیرقانونی فشنگ ،چیک پوسٹوں اور بے روزگاری کے خاتمے میں استعمال ہوں نہ کہ ڈرانے ،دھمکانے اور بزورچپ کروانے میں استعمال ہو۔
پولیس گردی سے مسائل حل ہونے کے بجائے نفرت تعصب پیداہوگی اورخدانخواستہ حالات کنٹرول سے باہرہوجائیں ۔ انہوں نے کہاکہ گوادر کے مظلوم عوام کیساتھ پورابلوچستان ہے انشاء اللہ حقوق کی تحریکیں اب ہر ڈویژن اورضلع سے شروع ہوگی حکمران عوام کو دبانے ،پولیس گردی کے بجائے دیرینہ سلگتے مسائل حل کرنے پر توجہ دیں عوام دو وقت کے روٹی کو ترس رہے ہیں اللہ تعالیٰ نے ساحل سمندر دیا ہے جس سے عوام کو کچھ روزگار میسرہے لیکن حکمران ٹرالر مافیاسے رشوت وبھاری رقوم لیکر مچھیروں وعوام سے یہ روزگار بھی چھینا چاہتاہے ۔
وفاق وصوبائی حکومت اور باختیار طبقات کی جانب سے ٹرالر مافیاکو غیرقانونی کام کی اجازت دے دی گئی ہیں جو سمندری حیات کی نسل کشی کیساتھ چھوٹے کاروباری حضرات ،مچھیروں اورعوام سے روزگارچھین رہے ہیں ۔جماعت اسلامی کے رہنما مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے عوام کو حقوق کے حصول کیلئے منظم کیا ہے ۔حقوق دوتحریک میں ہر طبقے ،ہرعلاقے اور ہرپارٹی کے لوگ شامل ہیں حق دو تحریک کے ذریعے حکمرانوں کو خواب غفلت سے بیدارکیاجائیگا اورحقوق کے حصول کی راہ ہموارہوگی ۔