|

وقتِ اشاعت :   December 6 – 2021

گوادر: نیشنل پارٹی گوادر نے اپنے بیان میں کہا کہ ٹرالرز مافیا کا اپنے مقاصد کے لیے اکھٹے ہونا کوئی حیرانگی اور اچھنبے کی بات نہیں ہے ٹرالز مافیا کو بلوچستان حکومت کی پشت پناہی حاصل ہے اور بلوچستان کے ساحلی حدود میں غیر قانونی ٹرالرنگ اور مائیگیری بلوچستان حکومت کی رضا مندی سے ہورہی ہے

اس میں بلوچستان حکومت، فشریز وزارت اور فشریز ڈپارٹمنٹ برائے راست شامل ہیں بیان میں کہاگیا کہ بلوچستان فشریز ڈپارٹمنٹ کی اجازت اور رضا مندی کے بغیر کوئی مائیگیر ٹرالر مائیگیری کے لیے بلوچستان کے سمندری حدود میں اس وقت تک داخل نہیں ہوتا جب تک اس سے باقاعدہ بھتہ وصول کیا نہ گیا ہو، بلوچستان کے سمندری حدود میں جو بھی غیر قانونی مائیگیری اور ٹرالرنگ ہورہی ہے غیر قانونی جالوں کا استعمال کرکے سمندری حیات کی نسل کشی کی جارہی ہے

اس میں بلوچستان حکومت اور وزارت فشریز اور فشریز ڈپارٹمنٹ مقامی اور غیر مقامی مافیا کے ساتھ ملکر یہ گھناونا کھیل رہے ہیں بیان میں کہاگیا کہ بلوچستان اور خصوصا گوادر کے عوام گزشتہ 22 دنوں سے سراپا احتجاج ہیں کہ بلوچستان کے ساحلی حدود میں ہونے والے غیر قانونی مائیگیری اور ٹرالرنگ کو بند کیا جائے، شاہراہوں پر موجود سیکیورٹی چیک پوسٹ ختم کئے جائیں اور ایران بارڈر پر ہونے والے تجارتی سرگرمیوں کو ای ٹیگ اور ٹوکن نظام سے آزاد کیا جائے تاکہ لوگ آزادانہ صورت میں کاروبار کریں لیکن موجودہ حکومت اور اس کے بے اختیار وزرا مسلسل احتجاج کرنے والوں کو مذاکرات میں الجھا کر ان کا وقت ضائع کررہے ہیں

وہ اس لیے کہ حکومت بلوچستان عملا نہ فشریز ڈپارٹمنٹ میں بھتہ نظام کو ختم کرنا چاہتا ہے اور نہ بارڈر پر جاری تجارتی سرگرمیوں کو ٹوکن اور ای ٹیگ نظام سے آزاد رکھنا چاہتا ہے۔

بیان میں کہاگیا کہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں قائم بیشتر چیک پوسٹ تو باقاعدہ وزرا کو الاٹ ہیں جن کی آمدنی برائے راست وزرا اور مقامی انتظامیہ کے جیب میں جاتے ہیں۔

نیشنل پارٹی گوادر بنیادی مطالبات کے حق میں گوادر اور مکران کے عوام کے ساتھ ہے اور ان جائز مطالبات کے حق میں اپنی بھرپور سیاسی و قومی کردار ادا کرتا رہے گا وفاقی و صوبائی حکومتیں اور زمہ دار اداروں کو چائیے کہ وہ عوام کے بنیادی مطالبات کو فوری طور پر تسلیم کریں

بلوچستان کے سمندری حدود میں غیرقانونی مائیگیری کے شکار پر پابندی عائد کریں اور مکران بارڈر پر تجارتی سرگرمیوں کو ٹوکن اور ای ٹیگ نظام سے آزاد کرکے آزادانہ تجارت کو فروغ دیں اور سیکورٹی اور بھتہ کے لیے قائم چیک پوسٹوں کو فوری طور پر ختم کریں۔