خضدار: اس ملک کے سیاہ و سفید کے مالک ووٹ چور قوّتوں سے ووٹ، ووٹرز، غیر ووٹرز اور مکمل نظامِ ریاست کو تحفظ کی ضرورت ہے۔ جب تک وہ بیرکوں سے باہر رہیں گے عوام اور مکمل نظام عدم تحفظ کا شکار رہیگی۔ ان کے ہوتے ہوئے صاف شفاف الیکشن ایک خواب ہی رہیگا۔ ان خیالات کا اظہار بلوچستان نیشنل پارٹی ڈسٹرکٹ خضدار کے پریزیڈنٹ شفیق الرحمٰن ساسولی نے 07 دسمبر ووٹرز ڈے کی مناسبت سے الیکشن کمیشن کی جانب سے منعقدہ تقریب میں کی۔
انہوں نے مزید کہاکہ اگر موضوع کو سمیٹتے ہوئے صرف ووٹرز ڈے کی مناسبت سے بات کروں تو اس حوالے سے ہمارے سامنے کئی چیلنجز ہیں: نادرا آفسز میں عملے کی کمی، نادرا کے دفتروں تک آنے میں عوام کو درپیش دشواریاں اور پھر وہاں رش کی وجہ سے کئی دنوں تک انتظار کرنا، نادرا گاڑیوں کی کمی و چھوٹے نادرا وینز جو پہاڑی علاقوں میں سفر نہیں کرسکتیں۔ ان مذکورہ مشکلات کی وجہ سے بہت سے علاقوں کی آدھی آبادی شناختی کارڈ سے محروم رہتی ہے۔ علاوہ ازیں الیکشن کمیشن کے عملہ و اساتذہ اور سیاسی و سماجی لوگوں کیلئے ووٹ کی اہمیت و افادیت کے متعلق عوام میں سے بہت سوں کو سمجھانا بھی کسی محاذ سے کم نہیں، جب کسی بھی طرح کرکے سمجھا بْجھاکر تصدیق، اندراج و درستگی کے عمل سے گزرا جاتاہے تو یہی عملہ ایک بڑی محنت سے حلقہ بندی کرتے ہیں۔ عوام اور عوامی نمائندگاں حلقہ بندیوں کے پیشِ نظر انتخابات کے دوران انتخابی سرگرمیاں ترتیب دیتے ہیں اور عوام الیکشن ڈے کو ووٹ ڈالتے ہیں اس امید کے ساتھ کہ ہمارا جمہوری امیدوار جیت جائیگا مگر پھر اس ملک کے سیاہ سفید کے مالکان اپنے غاصبانہ حقوق استعمال کرتے ہوئے نادرا، الیکشن کمیشن، اساتذہ، سیاسی و سماجی کارکنان کے تمام محنتوں اور عوامی اْمنگوں کو روندتے ہوئے راتوں رات اپنے غیرجمہوری کاسہ لیسوں کو مسندِ اقتدار سونپ دیتے ہیں اور پھر نتیجہ جو نکلتاہے
اس کو سمجھنے کیلئے کسی سے پوچھنے کی ضرورت نہیں بلکہ اس ملک کی تاریخ و جاری نظام ہی کیلئے کافی ہے۔ شفیق الرحمٰن ساسولی نے کہاکہ ہمیں اپنے شہری و دیہی علاقوں میں نادرا اور الیکشن کمیشن کے عملہ کو سہولیات سے آراستہ کرنے، عوام کو شناختی کارڈ/ ووٹ کی اہمیت و افادیت، ووٹ کی اندراج درستگی وغیرہ اور حلقہ بندی سمیت تمام امور میں مزید سخت محنت و لگن سے کام کرناہے۔ مگر ساتھ ساتھ ایک ایسا نظام لانا ہے جس میں غیر جمہوری قوتوں کی مداخلت بند ہو، اس ملک کے سیاہ و سفید کے مالک ووٹ چور قوّت سے ووٹ، ووٹرز، غیر ووٹرز اور مکمل نظامِ ریاست کو تحفظ حاصل ہو۔ جب تک یہ ہیکرز بیرکوں سے باہر رہیں گے عوام اور ملکی نظام ہرحوالے سے عدم تحفظ کا شکار رہیگی۔ ان کے ہوتے ہوئے صاف شفاف انتخابات اور جمہوریت ناممکن ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے میونسپل کارپوریشن ہال خضدار میں منعقدہ تقریب میں بی این پی کے ڈسٹرکٹ پریزیڈنٹ شفیق الرحمٰن ساسولی، این پی کے رہنماء میر عبدالرحیم کرد، جماعت اسلامی کے رہنماء مولانا محمد اسلم گزگی، بی این پی عوامی کے ڈسٹرکٹ پریزیڈنٹ ڈاکٹر عمران میروانی، پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر سجاد زیب محمّد حسنی، نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی کے قائمقام مرکزی سیکرٹری جنرل شیراحمد قمبرانی، جے یوآئی نظریاتی کے رہنماء ریاض شاہوانی، بی اے پی کے ضلعی ترجمان یونس گنگو و دیگر سیاسی و سماجی رہنماء شریک تھے۔ بی این پی ڈسٹرکٹ خضدار کے پریزیڈنٹ شفیق الرحمٰن ساسولی کے ہمراہ ان کے پارٹی کے ڈسٹرکٹ جنرل سیکرٹری عبدالنبی بلوچ، جوائنٹ سیکرٹری قادر شہزاد بلوچ، لیبر سیکرٹری علی احمد شاہوانی، تحصیل خضدار کے صدر میر سفرخان مینگل، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر محمد بخش مینگل، انسانی حقوق سیکرٹری اسد بلوچ، تحصیل باغبانہ کے سینئرنائب صدر عبدالغنی عمرانی، سابق ڈسٹرکٹ لیبر سیکرٹری حاجی منیراحمد رند، میڈیا سیل ممبر کامران شاہیزئی مینگل و دیگر نے ووٹرز ڈے پروگرام میں شرکت کی۔
علاوہ ازیں دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماوں: پی پی پی تحصیل خضدار کے صدر جمیل قادر زہری، این پی تحصیل خضدار کے صدر میر عبدالوہاب غلامانی، عبیداللہ گنگو، ڈاکٹر حضوربخش زہری، میر عبدالحمید غلامانی، رئیس بشیراحمد گزگی، علی اکبر زہری، انجنیئر علی، موسیانی، سماجی کارکن وارث شاہین، نادرا کے آفیسران سمیت مختلف مکتبہء فکر کے لوگ تقریب میں شریک تھے۔ شفیق الرحمٰن ساسولی، میر عبدالرحیم کرد، مولانا محمد اسلم گزگی و دیگر شرکاء مجلس نے فاضل محمد ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشنر، طفیل احمد الیکشن آفیسر، علی بخش لہڑی سینئر اسسٹنٹ، ظہور احمد سینئر اسسٹنٹ، خاور نوید سینئر اسسٹنٹ، میراحمد ڈیٹا انٹری آپریٹر، محمد اسحاق جونئیر اسسٹنٹ، ارسلان احمد سب اسٹنٹ و دیگر عملہ کو بمناسبتِ ووٹرز ڈے ہر سال سے مختلف اور بہترین پروگرام تشکیل دینے پر داد دی اور ضلع میں ان کی کارکردگی و تعاون کو سراہا۔