تربت: آل پارٹیز کیچ کا اجلاس منگل کو زیرِ صدارت نومنتخب کنوینر خان محمد جان منعقد ہوا جس میں تمام سیاسی جماعتوں اور اتحاد میں شامل تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں آل پارٹیز کے ڈپٹی کنوینر عبدالغفور کٹور، نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر سابقہ کنوینر آل پارٹیز کیچ مشکور انور ایڈوکیٹ، انور اسلم، پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنما نواب شمبے زئی، بی ایس او پجار کے وائس چیئرمین بوھیر صالح، بی این پی مینگل تحصیل تربت کے جنرل سیکرٹری حاجی عزیز، محسن بلوچ، بی این پی عوامی کے سابق ضلعی صدر کامریڈ ظریف زدگ، احد الہی، جے یو آئی کے رہنما عبدالحفیظ مینگل، عبدالباسط فیضی و دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس میں امن و امان، بارڈر ٹریڈ اور کراسنگ پوائنٹ، کیچ میں منشیات کی روک تھام، میونسپل کارپوریشن تربت کے ڈیلی ویجز ملازمین کے تنخواہوں کی بندش، سیکیورٹی فورسز کا عام شہریوں کے ساتھ ہتک آمیز رویہ، تربت سٹی پروجیکٹ میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کی سست روی، عطاشاد ڈگری کالج تربت کے ہاسٹل کی بندش اور مند میں تحصیلدار کی تعیناتی اور راہداری کی سہولت کے موضوعات پر بحث مباحثہ کیا گیا۔ اجلاس کے بعد آل پارٹیز کیچ کے وفد نے کنوینر خان محمد جان کی سربراہی میں کمشنر مکران سے ان کے آفس میں ملاقات کی اور آل پارٹیز کے اجلاس میں اٹھائے گئے
نکات پر ان کی توجہ مبذول کرائی، وفد نے آل پارٹیز کی طرف سے کمشنر مکران کو چارج سنبھالنے پر مبارکباد بھی دی۔ کمشنر مکران نے وفد سے گفتگو میں اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ وہ بارڈر ایشو اور میونسپل کارپوریشن کے مسائل کو ترجیحی بنیاد پر حل کرانے کی کوشش کریں گے جبکہ آل. پارٹیز کیچ کے پیش کردہ تمام نکات پر ایک جامع لائحہ عمل طے کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کو فوری ہدایت جاری کرکے ان کو بہت جلد حل کرائیں گے۔