|

وقتِ اشاعت :   December 21 – 2021

ڈھاڈر : قبائلی جھگڑوں کی وجہ سے صوبہ پسماندگی کا شکار ہوا جنگ جدل سے قومیں تباہ برباد ہوجاتی ہیں بلوچ قوم مزید جنگوں کا متحمل نہیں ہوسکتا ان خیالات کا اظہار نیشنل پارٹی کے مرکزی نائب صدر سابق رکن قومی اسمبلی سردارکمال خان بنگلزئی نے ڈھاڈر کے قریب بولان وئیر کے مقام پر قبائلی شخصیت حاجی غلام نبی گرانی کی جانب سے اپنے اعزاز میں پرتکلف ظہرانے کے موقع پر قبائلی علاقائی معتبرین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سردار نہال خان گرانی، پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنماء سید نصیراحمد شاہ دوپاسی،ٹکری مراد خان بنگلزئی،ٹکری علی نواز بنگلزئی،میر حاجی عطاء محمد بنگلزئی،پریس کلب ڈھاڈر بولان کے صدر محمد عارف بنگلزئی،ٹھیکیدار حاجی محمد افضل گرانی،ٹھیکیدار عبدالنبی گرانی، بھوتار خواستی خان گرانی بنگلزئی،ملک نصراللہ بنگلزئی،ایپکا کچھی کے صدر حاجی یارمحمد مستوئی،محمد انور گرانی،وڈیرہ انور گرانی،میر نثار احمد گرانی،انجنئیر علی نواز گرانی بنگلزئی،حاجی نور احمد گرانی،نصیراحمد بنگلزئی ،بھوتار اسلم گرانی،میر بشیرگرانی سمیت دیگر معتبرین موجود تھے سردار کمال خان بنگلزئی نے کہا کہ بلوچستان ایک قبائلی صوبہ ہے یہاں برابر اقوام صدیوں سے آباد ہیں قبائلی جنگوں کی وجہ سے بلوچ قوم کو ناقابل تلافی نقصان اٹھانا پڑا ہے قوموں میں جنگ جدل سے نسلیں تباہ برباد ہوجاتی ہیں قبائلی معاشرے میں رہتے ہوئے ہمیں امن اور محبت کا پرچار بلند کرنا ہوگا کیونکہ موجودہ دور ترقی کا دور ہے ۔

موجودہ تقاضوں کے مطابق ہمیں اتحاد اتفاق برقرار رکھنا ہوگا انہوں نے کہا کہ بلوچ قوم تعلیم کو اپنا زیور بنالیں اور اپنے حقوق کیلئے میدان میں آئیں حقوق کی جنگ کرنے والی قومیں ہمیشہ آباد رہتی ہیں غلام قوموں کا وجود برقرار نہیں رہتا اللہ تبارک وتعالیٰ کا بھی فرمان ہے کہ جن قوموں کو اپنی تقدیر بدلنے کا خیال نہیں آتا وہ قومیں تاریخ کے صفوں سے بھی مٹ جاتی ہیں اپنے حقوق کی بات کرنا وقت کا تقاضا بن چکا ہے قومیں اپنا فیصلہ خود کرتی ہیں اور غلام قوموں پر فیصلے مسلط کیے جاتے ہیں ہمیں بحیثیت باشعور قوم کے اپنے حقوق کیلئے کمر بستہ ہونا پڑے گا انہوں نے مزید کہا کہ آپس میں اتحاد قائم رکھنے والی قومیں اپنا مقام خود متعین کرتی ہیں بلوچستان کے برادر اقوام آپس کی اندرونی اختلاف کو بالائے طاق رکھتے ہوئے امن محبت کی بولی کو عام کریں تاکہ جدید دور کے ساتھ چلکر قوم کو مزید نقصانات سے بچایا جاسکے