|

وقتِ اشاعت :   December 31 – 2021

ڈیرہ اللہ یار : سابق وفاقی وزیر اور بلوچستان نیشنل پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے رکن میرہمایوں عزیز کرد نے کہا ہے کہ پارٹی کے چند ایک فیصلوں پر صوبے کے عوام کارکنوںکو تحفظات تھے جس پر قیادت کو مراسلہ ارسال کیا، بی این پی بلوچستان کے عوام کی حقیقی ترجمان تھی کوشش کر رہے ہیں بی این پی اپنے اصولی موقف پہ قائم رہے۔ یہ بات انہوں نے ڈیرہ اللہ یار میں مقامی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انہوںنے کہاکہ بی این پی بلوچستان کے ساحل او ر وسائل معدنی دولت گودار اورلاپتہ افراد کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرے ہم نے عوام سے ووٹ لیتے وقت وعدہ کیا تھا کہ ہم لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے ہر ممکن کوشش کریں گے اور صوبے کے وسائل کا تحفظ کریں گے لیکن افسوس ہم سے کچھ غلط فیصلے سرزد ہوئے جس کے باعث صوبے کے عوام اور پارٹی ورکرز تشویش میں ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ہم نے روڈ نالی کی سیاست کی تھی اور نہ ہی روڈ نالی کے نام پر عوام سے ووٹ مانگے تھے

بلکہ ہم نے اجتماعی قومی مفاد کے تحفظ کے لئے پارلیمانی سیاست کو اپنامورچہ بنایا، دو ہزار اٹھارہ کے انتخابات کے بعد بی این پی کی قیادت نے جو فیصلے کئے اس پر ہم سب کو مایوسی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے ارکان اسمبلی نے قدوس بزنجو کو وزیراعلیٰ بناکر وکٹری کا نشان بنا کر کیا ثابت کرنی کی کوشش کی ہے۔