ژوب: آل پارٹیز ایکشن کمیٹی کی جانب سے گزشتہ روز ژوب سے پچیس کلومیٹر دور سرکچھ کے علاقے میں ایک غار سے ملنے والی چار نامعلوم مسخ شدہ لاشوں کے خلاف ظریف شہید پارک میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
احتجاجی مظاہرے سے جمال لالا ، اجمل اعوان ، انور لالا ، مولانا عبدالناصر ، حافظ حضرت گل ، رحیم کبزئی ، عطاء اللہ بابڑ اور باران کلیوال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایسی ماورائے عدالت ہلاکتوں کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔
یہ قانون نافذ کرنے والے اداروں ، سول انتظامیہ اور سیکورٹی فورسز کے لیے سوالیہ نشان ہے ہم کسی مجرم کی حمایت یا پشت پناہی نہیں کرنا چاہتے ہیں۔ لیکن آگر کوئی بھی مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہو تو عدالت کے سامنے پیش کرکے سزا دلوائی جائے۔ ژوب ایک پرامن علاقہ ہے۔ شہر کی امن خراب کرنے کی اجازت کسی کو بھی نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا فوری طور پر ان نامعلوم لاشوں کی تحقیقات کی جائیں اور فرانزک رپورٹ جاری کی جائے۔ عوام کو بتایا جائے کہ یہ کون اور کہاں سے لائے گئے تھے۔ تاکہ شہر میں امن قائم رہتے ہوئے عوام میں پھیلی ہوئی خوف کی فضا ختم ہو سکے۔