|

وقتِ اشاعت :   January 2 – 2022

تربت:  گلی بلیدہ میں نوجوان سراج صالح بلوچ کے قتل اور قاتلوں کی گرفتاری کے لیے بلیدہ زامران میں عوام سراپا احتجاج۔ تربت سول سوسائٹی اور بلیدہ کے عوام کی جانب سے ہفتے کو ایک ریلی نکالی گئی جس میں شامل شرکاء نے 25 دسمبر کی رات گلی میں قتل کیے گئے نوجوان سراج صالح کو انصاف دلاکر ان کے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھائے سخت نعرہ بازی کی اور سراج بلوچ کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا. مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی احتجاج اور تربت سول سوسائٹی کی طرف سے شدید ردعمل کے بعد انتظامیہ نے خانہ پری کی حد تک دو نامزد ملزمان گرفتار کرلیے ہیں۔

لیکن سراج بلوچ کا اصل قاتل آج بھی باہر گھوم رہا ہے جسے گرفتار نہیں کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اصل قاتل کو گرفتار نہیں کیا گیا تو تربت سول سوسائٹی اور بلیدہ کے عوام مل کر سخت احتجاجی لائحہ عمل طے کریں گے۔

مظاہرین نے کہاکہ بلیدہ میں حالات جان بوجھ کر خراب کیے گئے اور منشیات عام کیا گیا ہے جس کا مقصد علاقے کو غیر سیاسی بنا کر بیگانگی کا شکار بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالات کی خرابی کا فائدہ مخصوص گروہ کو مل رہا ہے جبکہ عام لوگ اس سے پریشان اور ازیت کا شکار ہیں۔

اگر بلیدہ میں حالات کو بہتر نہیں بنایا گیا اور سراج صالح کے خاندان کو انصاف دلانے کے لیے ان کے اصل قاتل کو گرفتار نہیں کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ وسیع کریں گے۔