|

وقتِ اشاعت :   January 7 – 2022

مچھ : شہری ایکشن کمیٹی مچھ کے زیر اہتمام گیس پریشر میں غیرمعمولی کمی اور بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی اور مظاہرہ کیا گیا احتجاجی شرکا نے واپڈا اور سوئی سدرن گیس کمپنی کیخلاف شدید نعرے بازی کی مظاہرین سے شہری ایکشن کمیٹی مچھ کے چیئرمین حافظ صدیق سمالانی عبدالرحمن خلجی صدراقبال یوسفزئی محمد صادق راہیجہ حاجی امیر زادہ کوھستانی ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مچھ میں سردی کی آمد کیساتھ ہی گیس پریشر مکمل طور پر غائب ہوگیا ہے۔

جبکہ دوسری جانب بجلی کی اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ بار بار آنکھ مچولی سے نظام زندگی درہم برہم ہوکر رہ گیا ہے خون جمادینے والی اس سردی میں بجلی اور گیس کی بندش سے امور خانہ داری متاثر ہورہے ہیں اور ایندھن کی حصول کیلئے عوام کو مشکلات ودقت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے یخ بستہ ہوائیں اور خون جمادینے والی سردی سے شہری مختلف بیماریوں کا شکار ہورہے ہیں ۔

لیکن متعلقہ محکمے عوام کی مشکلات سے مکمل طور پر بے خبر بنے بیٹھے ہوئے ہیں گیس پریشر میں کمی اور بجلی کی غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ سے ڈی سی کچھی اور متعلقہ محکموں کو بارہا آگاہ کیا گیا لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی ظلم کی انتہاہے کہ مچھ کے عوام موجودہ جدید دور میں بدترین بدحالی کی گزارنے پر مجبور ہیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ مچھ میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کیا جائے اور گیس کی پریشر کو بڑھایا جائے بصورت دیگر احتجاج کو مزید وسعت دینے پر مجبور ہوں گے۔