|

وقتِ اشاعت :   January 7 – 2022

تربت: آل پارٹیز کیچ کے وفد نے ڈپٹی کمشنر کیچ سے ملاقات کرکے ایف سی کی طرف سے شہر میں سڑکوں پر لگائے باڑ ہٹانے کے بارے میں بات چیت جس کے بعد ڈپٹی کمشنر کیچ کے ہمراہ آل پارٹیز کیچ کے رہنماؤں نے بازار جاکر ان مقامات کا معائنہ کیا۔

جہاں پہ باڑ لگاکر سڑکیں بند کردی گئی تھیں، آل. پارٹیز کیچ کے وفد میں ڈپٹی کنوینر غفور کٹور، بی این پی عوامی کے کے رہنما طریف زدگ بلوچ، پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنما نواب شمبے زئی، نیشنل پارٹی کے رہنما طارق بابل، پریس سیکرٹری سراج بیبگر، بی این پی کے ضلعی رہنما محسن بلوچ، انجمن تاجران تربت کے صدر حاجی کریم بخش، نائب صدر نثار جوسکی، اسحاق روشن دشتی، جمال مری سمیت دیگر شامل تھے۔ اس سے پہلے آل. پارٹیز کا اجلاس منعقد ہوا۔

جس میں سڑکوں پر لگائے باڑ نہ ہٹانے پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور اس سلسلے میں فوری طور پر ڈپٹی کمشنر کیچ سے ملاقات کا فیصلہ ہوا جس کے بعد ایک وفد نے ڈی سی کیچ حسین جان بلوچ سے ملاقات کی، ملاقات کے بعد آل پارٹیز اور ڈپٹی کمشنر نے ان مقامات کا معائنہ کیا جہاں سیکیورٹی کے نام پر باڑ لگا کر سڑکیں ٹریفک کے لیے بند کیے گئے، آل پارٹیز اور انجمن تاجران کے وفد نے پبلک روڈ کو بند کرنے کے بارے میں ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دی اور تمام باڑ فوری ہٹاکر سڑکیں کھولنے کا مطالبہ کیا، آل پارٹیز کیچ نے کہاکہ اگر راستے صاف کرکے ٹریفک بحال نہیں کیا گیا۔

تو اس کے خلاف سخت رد عمل دکھا کر مین شاہراہ بند کردیں گے اور شہر میں شٹرڈاؤن ہڑتال کریں گے، ڈپٹی کمشنر کیچ نے آل پارٹیز کیچ کے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ وہ جمعہ کی شام تک اسسٹنٹ کمشنر تربت عقیل کریم اور ڈی ایس پی ستار مگسی کو تمام باڑ ہٹانے کی ہدایت دیں گے انہوں نے کہا کہ جن مقامات پر باڑ لگایا جاچکا ہے وہ پبلک روڈ ہیں ان پر سرکار نے بجٹ خرچ کرکے سڑکیں تعمیر کی ہیں تاکہ لوگوں کو سہولت مل سکے ان پر باڑ لگاکر لوگوں کو مذید مشکلات کا شکار کیا جارہا ہے، انہوں نے کہاکہ آل پارٹیز اس معاملے میں مطمئن رہے ان کی شکایت کا جمعہ کی شام تک ازالہ ہوگا۔