کوئٹہ: عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر وپارلیمانی لیڈر اصغر خان اچکزئی نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں اور برف باری سے پورا صوبہ متاثر ہواہے چمن ،قلعہ عبداللہ میں امدادی کام جاری ہے بارشوں سے نقصانات بہت زیادہ ہوئے ہیں اس کے ازالے کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں عوام کو خوراک خیمے اور دیگر سامان کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے تاکہ وہ دوبارہ اپنی زندگی شروع کرسکے۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے ’’آن لائن‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اصغر خان اچکزئی نے مزید کہا کہ بارشوں اور برف باری سے جہاں ایک جانب جانی ومالی نقصانات ہوئے ہیں تو دوسری جانب اس سے صوبے کے زراعت پر مثبت اثرات پڑیں گے زیر زمین پانی کی سطح بلند ہوگئی ڈیموں میں دوبارہ پانی جمع ہوگا جس سے صوبے کے زراعت پر اس کے اچھے اثرات مرتب ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ تمام ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت جاری کی جاچکی ہے کہ وہ برف باری اور بارشوں سے ہونے والے نقصانات کے حوالے سے رپورٹ طلب کی قلعہ عبداللہ میں میں خود ریلیف کاموں کی نگرانی کررہاہوں تاکہ جو نقصانات ہوئے ہیں ان کا ازالہ ممکن ہوسکے ۔