|

وقتِ اشاعت :   January 9 – 2022

اوستہ محمد:  پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سابق رکن بلوچستان اسمبلی میر حیدر علی خان جمالی نے کہا ہے کہ بلوچستان کو قدرت نے قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ بنایا ہے لیکن حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کے نتیجے میں بلوچستان پسماندگی کا شکار ہے ریکوڈک بلوچستان کی ملکیت ہے۔

ان خیالات کا اظہار میر حیدر علی خان جمالی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا اس موقع پر پی پی ضلع جعفرآباد کے سینئر نائب صدر میر مرتضی خان جمالی بھی موجود تھے میر حیدر علی خان جمالی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی برسراقتدار آ کر بلوچستان سے احساس محرومیت کا خاتمہ کرے گی اور بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے گی انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے ساتھ ہر دور میں ناانصافی ہوئی ہے اور بلوچستان کو پسماندگی کی طرف دھکیل دیا گیا ہے جس کی وجہ سے بلوچستان کی باشعور عوام کی نظریں پیپلزپارٹی پر ٹکی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام پیپلزپارٹی کو امید کی کرن سمجھتے ہیں بقول ان کے بلوچستان کی عوام قوم پرستی اور مذہب پرستی کی سیاست سے بیزار ہو چکے ہیں اور ملکی سیاست میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں میر حیدر علی خان جمالی نے کہا کہ وفاق کو مضبوط کرنے کے لیے تمام اکائیوں کو ساتھ لیکر چلنا ہوگا کیونکہ پاکستان کی ترقی کی تمام راہیں بلوچستان سے ہو کر گزرتی ہیں میر حیدر علی خان جمالی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے جمہوریت اور اداروں کی مضبوطی عوام کی خوشحالی کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں اور آنے والا دور پاکستان پیپلز پارٹی کا ہوگا