|

وقتِ اشاعت :   January 9 – 2022

اوستہ محمد: اسپیکر بلوچستان اسمبلی میر جان محمد خان جمالی نے کہا ہے کہ سیاست میں شرافت اور رواداری کوبرقرار رکھا جائے گاتاہم قبائلی روایات کو ہر صورت ملحوظ خاطر رکھنا ہو گا ہم بلوچستان کے مخصوص قبائلی معاشرے میں رہتے ہیں جہاں عزت کے بدلے عزت دی جاتی ہے۔

قبائلی حدود و قیود میں رہتے ہوئے پرامن معاشرے کا قیام ممکن بنایا جا سکتا ہے پاکستان کے قیام میں ہمارے اکابرین نے اہم کر دار ادا کیا اوستہ محمد کے شہریوں کو مسائل سے نکالنے کے لئے پر عزم ہیں صحت کی جدید سہولتوں کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال اوستہ محمد میں ٹراماسینٹر کی عمارت کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے قبائلی معاشرے کے تناظر میں محتاط رہنے کی ضرورت ہے اوستہ محمد بلوچستان کا گرین بیلٹ اور صوبے کی سب سے بڑی اناج منڈی کا درجہ رکھنے والا شہر اور معاشی حب ہے سیاست میں شرافت اور اپنے بڑوں کی تربیت کے زیر اثر رہتے ہوئے کسی کو نیچا دکھانے کی سوچ نہیں رکھی میرے خلاف سوشل میڈیا آزاد ہے لیکن تنقید تعمیری ہونی چاہئے اوستہ محمد کا سب سے بڑا مسئلہ نکاسی آب ہے رواں مالی سال کے دوران سیوریج سسٹم کو مکمل کیا جائے گا گرلز کالج کی تعمیر میں حائل رکاوٹو ں کو دور کیا جائے گا۔

تعلیم نسواں کی ترقی نا گزیر ہے اپنی بساط میں رہتے ہوئے حلقے کی عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی ہر ممکن کو شش کی جا رہی ہے شہریوں کو نکاسی آب کے نا مکمل منصوبے کے سبب مشکلات کا ادراک ہے انہوں نے کہا کہ اس سال کی پی ایس ڈی پی میں سیوریج منصوبے کی تکمیل کو اولین ترجیح پر رکھاجائے گا تاہم شہریوں کو بھی صفائی کے نظام کو بہتر کرنے میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا انہوں نے کہا کہ حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں لیکن جمہوریت کو ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے انہوں نے وٹرنری ہسپتال کی تعمیر کے لئے مفت اراضی دینے کا اعلان کیا اس سے قبل ایم ایس ہسپتال ڈاکٹر عبدالجبار سومرو اور ایکسی این بی اینڈ آر ظفر علی کھوسو نے اسپیکر بلوچستان اسمبلی میر جان محمد خان جمالی کو ٹراما سینٹر کی تعمیر کے بارے میں بریفنگ دی انہوں نے کہا سات کروڑ روپے کی لاگت سے یہ منصوبہ تین سال میں مکمل کیا گیا ہے بعد ازاں انہوں نے ایم پی اے فنڈ سے زیر تعمیر مہراب پور روڈ اور بائی پاس روڈ کا معائنہ بھی کیا۔