گوادر: گوادر پورٹ اور گوادر کی ترقی سے گوادر کے لوگوں کا مستقبل وابستہ ہے جس کے ثمرات عام لوگوں تک پہنچیں گے اور ان کا معیار زندگی بہتر ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار گوادر پورٹ اتھارٹی کے چیئرمین نصیر احمد کاشانی نے گوادر پریس کلب کے صدر سلیمان ہاشم کی قیادت میں صحافیوں کی ایک وفد نے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ نے 28 سال بعد ماہیگری فش ہاربر جیٹی کی دوبارہ مرمت کی ہے جہاں پر ماہیگیروں کو جدید سہولیات فراہم کیں جس پر علاقے کے ماہیگیروں کو بہت سی سہولتیں میسر ہو سکیں ہیں انہوں نے کہا کہ گوادر کے نوجوانوں کو فنی تربیت اور تعلیم کیلئے پاک چین دوستی ویکیشنل ٹیکنیکل انسٹیوٹ وقت سے قبل مکمل کیا گیا جو سی پیک کا بلوچستان میں پہلا منصوبہ ہے جو بروقت مکمل ہوا ہے ٹیکنیکل انسیٹیوٹ میں چائنہ کے ماہر اساتذہ کی نگرانی میں فروری سے فنی تربیت کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ گوادر کے نوجوانوں کیلئے گوادر فری زون میں روزگار کے مواقع پیدا کئے جارہے ہیں جہاں پر گوادرسمیت مکران اور بلوچستان کے سینکڑوں نوجوانوں کو روزگار کے وسیع مواقع میسر آسکیں گے۔انہوں نے کہا کہ دسمبر 2021 کو ٹیکسٹائل، مینوفکچرنگ سمیت 9 مختلف انڈسٹریز کے ساتھ معاہدہ ہوا ہے جو فری زون میں فیکٹریاں لگائیں گے اورٹیکسٹائل سمیت دو فیکٹریاں جلدتعمیرات کا آغاز کرنے جارہے ہیں جن میں مقامی افرا کو فوقیت دی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ مقامی افراد کے بنیادی مسائل کے حل میں بھی اہم کردار اداکر رہا ہے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ گوادر پورٹ کے پاس تین لاکھ گیلن یومیہ پانی میٹھا کرنے کا پلانٹ موجود جس سے اس وقت محکمہ آب رسانی گوادر کو یومیہ دو لاکھ گیلن پانی فراہم کیا جارہا ہے گوادر پورٹ کی جانب سے سمندر کے کھارے پانی کو میٹھا بنانے کا ایک اور پلانٹ پر تیز رفتاری سے کام ہورہا ہے جس سے یومیہ مزید بارہ لاکھ گیلن پانی گوادر کو فراہم کیا جائیگا ۔
انہوں نے کہا کہ گوادر کو بجلی کی کمی کاسامنا ہے گوادر پورٹ فری زون میں پچاس میگاواٹ کے بجلی گھر تعمیر کرنے جارہا ہے جس سے گوادر شہر اور لگنے والی انڈسٹریز کو بجلی فراہم کی جائیگی گوادر پورٹ کی جانب سے گوادر کی ترقی کیلئے بارہ مختلف منصوبوں پر کام کررہا ہے جس سے چھ منصوبے مکمل کئے گئے ہیں جبکہ چھ منصوبے پائپ لائن میں ہیں جن کی تکمیل سے گوادر ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ایم 8 کی تکمیل سے گوادر پورٹ کا انفرا اسٹیکچر مکمل ہوگا اور گوادر میں سرمایہ کاری مزید بڑھے گی۔وفد میں گوادرپریس کلب کے نائب صدر صداقت بلوچ،جنرل سیکریٹری شریف ابراہیم،جوائنٹ سیکریٹری جاوید احمد، خازن اختر ملنگ بھی شامل تھے۔