دالبندین : بلوچستان نیشنل پارٹی ضلع چاغی کے زیرِ اہتمام بلوچ پشتون اتحاد کے داعی اور بی این پی کے بانی رہنماء ملک عبدالعلی کاکڑ (مرحوم ) کے 12ویں برسی کے موقع پر تعزیتی ریفرنس منعقد، تعزیتی تقریب سے پارٹی کے بزرگ رہنما میر عبدالرحمان نوتیزئی، ضلعی صدر میر یار محمد مینگل، سینئر نائب صدر محمد اقبال ریکی، ترجمان میر محمد ابرہیم ریکی اور ضلعی ہیومن رائٹس سیکرٹری محمد ابراہیم مینگل نے خطاب کیا، مقررین نے مرحوم رہنماء کے قومی حقوق کے لیے طویل ترین سیاسی وعظیم قربانیوں جدوجہد زبردست انداز میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ ملک عبدالعلی کاکڑ (مرحوم) کا شمار محکوم قوموں کے قومی تحریکوں کے ان سرخیل رہنمائوں میں ہوتاہے
جنہوں نے انگریز استعمار کے دور سے لیکر ہر آنے والے آمر اور نام نہاد جمہوری دور حکومتوں کے ناروا وظالمانہ استحصالی پالیسیوں کے خلاف جدوجہد کی پاداش میں قید وبند کی صوبتیں برداشت کی اور طرح طرح کے مسائل ومصائب اور نامساعد حالات کا نہایت ہی ثابت قدمی اور مستقل مزاجی کے ساتھ مقابلہ کیا اور اس کیلئے کسی قسم کی جدوجہد وقربانی سے دریغ نہیں کیا، انہیں آمریت کے دور میں غیر انسانی مظالم کا سامنا کرناپڑا تاکہ وہ ظلم وجبر ،قومی نابرابری ،حقیقی جمہوریت کو فروغ دینے ،پارلیمنٹ کی بالادستی ،آئین اور قانون کی حکمرانی ،قوموں کے حق حاکمیت ،واک واختیار، سماجی انصاف کے حصول کی جدوجہد سے دستبردار ہوسکے
انہوں نیکہا کہ ملک عبدالعلی کاکڑ مرحوم بلوچستان کے بزرگ قوم پرست رہنماء راہشون سردار عطاء اللہ خان مینگل مرحوم کے بانی ساتھیوں اور ہمراز وہم نیاز دوستوں میں شامل تھے جو آخر دم تک بلوچ پشتون اتحاد کے داعی اور بلوچستان کی سرزمین پرآباد تمام قوموں کے خیر خواہ اور حقوق کی پاسبان رہنما تھے۔ان کی جدوجہد بلوچ پشتون، ہزارہ ،آباد کار، سیاسی کارکنوں کیلئے مشعل راہ کی حیثیت رکھتے ہیں۔ وقت اور حالات کا یہ تقاضاہے کہ ملک عبدالعلی کاکڑ مرحوم کی جدوجہد اور قربانیوں کو مدنظررکھتے ہوئے ان پر گامزن ہوکر بلوچستان میں تعصب ،نفرت ،تنگ نظری کی سیاست کی بیخ کنی کرکے یہاں کے ساحل وسائل قدرتی دولت پر آباد اقوام کی حقیقی ترقی ،خوشحالی ،وجوود ،بقاء ،واک واختیار اور تہذیب وتمدن کو حقیقی منزل تک پہنچانے کی راہ پر گامزن کریں۔