|

وقتِ اشاعت :   January 21 – 2022

کراچی: کراچی میں 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل پڑیں، طوفانی ہواؤں سے دیواریں گرنے کے سبب 7 سالہ بچے سمیت 5 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

کراچی میں تیز ہواؤں کے سبب دیواریں گرنے سے دو افراد جاں بحق اور متعدد موٹر سائیکل سوار توازن قائم نہ رکھتے ہوئے گر کر زخمی ہوگئے۔ تیز ہوا سے ناردرن بائی پاس نزد پاور ہاؤس گلبائی کانٹا موٹر سائیکل سلپ ہونے سے 2 افراد زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان کی شناخت صادق اور اجمل کے نام سے ہوئی۔

گلشن معمار میں تیز ہواؤں کے باعث گھر کی دیوار گرگئی اور ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ جس کی لاش کو قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ اسی طرح بلدیہ ٹاؤن اسپارکو روڈ پر گھر کی چھت کا ایک حصہ گرگیا جس کے سبب گھر میں موجود تین افراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ کراچی میں تیز ہواؤں سے جماعت اسلامی کے دھرنے کے ٹینٹ، قناتیں، بینرز، لائٹس بھی گرگئیں۔ نارتھ کراچی میں زیر تعمیر دیوار گرگئی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

سرجانی ٹاؤن کے علاقے کنیز فاطمہ میں بھی تیزا ہواؤں کے سبب دیوار گرنے کا واقعہ پیش آیا۔

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ تیز اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا سلسلہ آج رات تک جاری رہ سکتا ہے، ہواؤں کی رفتار 45 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ریکارڈ ہورہی ہیں تاہم کچھ وقت کے لیے ہواؤں کی رفتار 60 کلومیٹر فی گھنٹہ بھی ریکارڈ ہوئی۔