ڈیرہ اللہ یار: ڈیرہ اللہ یار میں یوٹیلیٹی اسٹورز پر آٹا چینی گھی کنگ آئل غائب اوپن مارکیٹ میں اشیاء خوردونوش کی قیمتیں بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں غریب عوام کے منہ سے دو وقت کا نوالہ بھی چھین لیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ تین ہفتوں سے شہر بھر کے تمام یوٹیلٹی اسٹورز پر آٹا چینی گھی کنگ آئل اور دالیں غائب ہیں اوپن مارکیٹ میں آٹے چینی گھی کنگ آئل سمیت اشیاء خوردونوش اور روزمرہ کے استعمال کی چیزوں کی قیمتیں بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔
مہنگائی کے طوفان نے عوام سے دو وقت کا نوالہ بھی چھین لیا ہے اشیاء خوردونوش کی عدم دستیابی سے یوٹیلٹی اسٹورز اپنی افادیت کھو چکے ہیں حکومت کا عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے دعوے بھی محض دعوے ثابت ہوگئے ہیں شہریوں کا کہنا ہے کہ یوٹیلٹی اسٹورز پر آٹا چینی گھی کنگ آئل اور دیگر اشیاء خوردونوش کی عدم دستیابی کے باعث اوپن مارکیٹ میں قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ کردیا گیا ہے۔
دیہاڑی دار اور تنخواہ دار طبقہ شدید مہنگائی سے پریشان ہیں ہر چیز کی قیمتیں کئی گنا بڑھ چکی ہیں جسکا براہ راست بوجھ غریب عوام کی جیبوں پر پڑ رہا ہے شہریوں نے مطالبہ کیا ہے مصنوعی مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے یوٹیلیٹی اسٹورز کو اشیاء خوردونوش کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ غریب طبقہ یوٹیلٹی اسٹورز سے ارزاں قیمتوں پر چیزیں خرید سکیں اور گھر کا چولہا جلا سکیں۔