کوئٹہ: بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماء میر رامین جان محمد حسنی نے کہا کہ آواران میں سرکاری پوسٹوں کی بندربانٹ پر چیف سیکرٹری نوٹس لیں آواران میں ہیلتھ ، ایجوکیشن، اسپورٹس، لائیو اسٹاک سمیت تمام محکموں میں غیر منصفانہ تقرریوں کی تیاری کی جارہی ہے جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔
یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ماضی کی طرح اب پھرسے سرکاری محکموں میں اپنے من پسندآفیسرز تعینات کرکے بندر بانٹ کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔
میر رامین جان محمد حسنی نے کہا کہ آواران کے دیگر محکموں کی طرح ہیلتھ اور ایجوکیشن کی صورتحال بھی بھیانک منظر پیش کررہی ہے جس سے آواران میں بسنے والے لوگ صحت اور تعلیم کی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔
آواران کے غیر فعال انفراسٹرکچر، ہیومن ریسورسز، اسکولز ، کالجز اور صحت کے شعبوں کا غیر فعال ہونالمحہ فکریہ ہے ہم تمام سیاسی پارٹیوں ، اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن اور سماجی رہنمائوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس زیادتی اور ناانصافی کے خلاف اپنی آوازبلند کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہم چیف سیکرٹری بلوچستان سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس غیر منصفانہ سرکاری پوسٹوں کی بندربانٹ کا نوٹس لیں اور میرٹ کی بنیادوں پر تقرریوں کو ممکن بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اسکے علاوہ آواران میں غیر فعال سرکاری محکموں کو فعال بنانے کیلئے بھی موثر اور عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔