|

وقتِ اشاعت :   January 26 – 2022

گوادر: ٹھیکیداروں نے گوادر میں ہونیوالے ٹینڈرز کا بائیکاٹ کردیا ،ٹینڈر منسوخ کردیئے گئے ۔کنٹریکٹرز ایسوسی گوادر کے مطابق محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کی جانب سے ضلع گوادر میں پی ایس ڈی پی کے تحت مختلف ترقیاتی اسکیموں جن میں اسکول،بی ایچ یوز،پریس کلب کی بلڈنگ سمیت دیگر اسکیمات شامل ہیںاس میں ہونیوالے ٹینڈرز کا بائیکاٹ کرتے ہوئے حصہ نہیں لیااور محکمہ کو تحریری طورپر آگاہ بھی کیا ہے۔

کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے رؤف شہزاد نے کہاکہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے سبب تمام میٹریل کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں،اور روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں میں اضافہ ہورہاہے تاہم ٹینڈرز شیڈول ریٹ 2018 کے مطابق کئے جارہے ہیں جس سے ٹھیکیدار برادری کونقصان ہورہا ہے ،سریا،سیمنٹ کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے سبب جاری پروجیکٹ بھی شدید متاثر ہیں اور ٹھیکداروں نے اپنی جاری کئی پروجیکٹوں پر کام بند کردیا ہے ،انہوں نے کہا کہ مارکیٹ ریٹ اور مہنگائی کے تناسب سے نیا شیڈول ریٹ نافذ کیا جائے۔جبکہ ملک بھر کے دیگر صوبوِں میں ہر چھ ماہ بعد ریٹ مہنگائی کے تناسب سے ریوائزڈ کئے جاتے ہیں۔

لیکن بلوچستان واحد صوبہ ہے جہاں تاحال 2018 کے ریٹ پر ٹینڈر جاری کئے جاتے ہیں اوپر سے بی آر اے ٹیکس بھی ٹھیکیداروں کو سر تھونپ دیا گیا ہے کنٹریکٹر ایسوسی ایشن نے مکران سمیت صوبہ بھر کے تمام ٹھیکیدار برادری اپیل کی ہے کہ گوادر میں ہونیوالے ٹینڈر کی بائیکاٹ مہم کا حصہ بن کر شیڈول ریٹ کی تبدیلی اور نئی شیڈول ریٹ کے اجراء کیلئے کوششوں کا حصہ بنیں،جو سب کے اجتماعی مفاد میں ہے۔