کوئٹہ + اندرون بلوچستان: گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے مرکزی صدر حاجی حبیب الرحمن مردانزئی نے کہا ہے کہ اساتذہ کے مسائل کے حل اور تعلیمی بہتری کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔
جی ٹی اے اپنے موقف اور مطالبات سے کسی طور پر بھی دستبردار نہیں ہوگا اپ گریڈیشن ہمارا جائز حق ہے صوبہ بھر کے اساتذہ کو اُن کے جائز حقوق سے محروم کر نا کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کریں گے وہ صحبت پور کے دورے کے موقع پر کوئٹہ، مچھ، بولان، سبی،بختیار آباد،صحبت پور سمیت دیگرمقامات پر اضلاع کی کابینہ کے اراکین اور اساتذہ سے بات چیت کررہے تھے۔
اُنہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم کو غیر ضروری اور بے مقصد تجربات کی بھینٹ چڑھا یا جارہاہے جوکہ صوبے کے اساتذہ اور غریب طلباء کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے اور ایسے کسی بھی اقدام کی بھر پور مخالفت کی جائے گی جس سے صوبہ بھر کے اساتذہ کے مفادات کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہو۔
اُنہوں نے کہا کہ اپ گریڈیشن صوبہ بھر کے پرائمری اور ایلمنیٹری اساتذہ کا جائز حق ہے اور اس کے حصول کے لیے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا محکمہ تعلیم کو درست سمت پر لانے کی بجائے ایک ناکام اور بے مقصدتجربہ گاہ میں تبدیل کیا جارہا ہے جس کی پُرزور مذمت کرتے ہیں اور ایسے کسی بھی اقدام کی اجازت نہیں دیں گے جس سے اساتذہ کا استحصال ہو۔
اُنہوں نے کہا کہ اپنے جائز حقوق سے کے حصول سے پیچھے نہیں ہٹیں گے اور نہ ہی اس پر کوئی سمجھوتہ کیا جائے گااُنہوں نے کہا کہ صوبہ بھر کے پرائمری اور ایلیمنٹری اساتذہ کی پوسٹوں کو فوری طور پر اپ گریڈ کیا جائے بصورت دیگر جی ٹی اے راست اقدام اُٹھانے پر مجبور ہوگا ۔
اس موقع پر اضلاع کی کابینہ کے اراکین اور اساتذہ نے مرکزی صدر کی آمد کو خوش آئند قرار دیا اور جی ٹی اے کے لیے اپنی خدمات کے بھرپور عزم کا اظہار کیا۔
اس موقع پر مرکزی صدر نے اساتذہ کے جوش وجذبے کی تعریف کی اور توقع ظاہر کی کابینہ کے اراکین اور اساتذہ مل جل کر اضلاع میں جی ٹی اے کی مزید فعالیت، اساتذہ کے مسائل کے حل اور تعلیمی ترقی کے لیے بڑھ چڑ ھ کر کام کریں گے۔
اُنہوں نے کہا کہ مسائل کے حل سمیت صوبے کی تعلیمی ترقی کے لیے جی ٹی اے کی مرکزی کابینہ شب وروز کوشاں ہے اور اس سلسلہ میں تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جارہا ہے اُنہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اساتذہ کو کسی بھی موڑپر تنہا ء نہیں چھوڑیں گے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ بیوروکریسی کے چند آلہ کار جی ٹی اے کو کمزور کرنے کے لیے منفی پروپیگنڈوں میں مصروف ہیں وہ کبھی بھی اپنے مزموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے کیونکہ صوبہ بھر کے اساتذہ جی ٹی اے کے مضبوط پلیٹ فارم پر متحد ہیں۔