|

وقتِ اشاعت :   January 27 – 2022

کوئٹہ:  پاکستان پیپلزپارٹی کے میڈیا کورآرڈینیٹر حیات خان اچکزئی نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، سابق صدر و صدر پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین آصف علی زرداری پارٹی کی صوبائی قیادت کا انہیں صوبائی میڈیا کورآرڈینیٹر مقرر کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بطور میڈیا کورآرڈینیٹر اپنی ذمہ داریاں بھر پور انداز میں ادا کرتے ہوئے پارٹی کو فعال اور مضبوط بنانے کے لئے پوری جانفشانی سے کام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ملک کو بحرانوں اور مسائل کے جس دلدل میں دھکیل دیا ہے اس سے نکالنے کے لئے پیپلزپارٹی ملک بلخصوص بلوچستان کے عوام کی آخری امید ہے انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت نے اہم ترین وقت میں انہیں جو ذمہ داریاں دی ہیں وہ انہیں پوری جانفشانی سے ادا کریں گے آنے والے دنوں میں پیپلز پارٹی کا لانگ مارچ ملک کی سیاست اور نااہل عوام دشمن حکومت خاتمے میں اہم کردار ادا کرنے جارہا ہے وہ بطور میڈیا کورآرڈینیٹر پارٹی کے لانگ مارچ کی کامیابی کے لئے ہر ممکن کوشش کریں گے ساتھ ہی پارٹی کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچا ئیں گے۔

انہوں نے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے نوجوانوں کو پارٹی میں آگے آکر کارکردگی دیکھانے کے وژن کو بھر پور انداز میں سراہتے ہوئے اسے بہترین اقدام بھی قرار دیا ہے۔صوبائی میڈیا کوآرڈینیٹر حیات خان اچکزئی نے اپنے بیان میں پارٹی کے تمام نو منتخب صوبائی عہدیداروں، ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران اور ڈویژنل و ضلعی عہدیداروں کو بھی مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پارٹی کے نو منتخب عہدیداران چیئرمین بلاول بھٹو زرداری،صدر آصف علی زرداری اور صوبائی قیادت کا ہاتھ مظبوط کرتے ہوئے پارٹی کو صوبہ بلوچستان میں نمایاں مقام دلانے کے لئے ہر اول دستے کا کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے اپنے بیان میں بطور صوبائی میڈیا کوآرڈینیٹر تقرری پر مبارکباد دینے والے اور نیک خواہشات کا اظہار کرنے والے پارٹی کے مرکزی عہدیداروں،رہنماؤں، صوبائی و ضلعی عہدیداروں، رہنماؤں و کارکنان سمیت تمام دوستوں و ساتھیوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔