کوئٹہ: پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پارٹی کے چھٹی (6)قومی کانگرس کا انعقاد کوئٹہ میں پارٹی چیئرمین محمود خان اچکزئی کی زیر صدارت آج بروز جمعہ 28جنوری2022کو ہوگا ۔ جس میں پارٹی جنوبی پشتونخوا ، خیبر پشتونخوا اور سندھ سے تینوں صوبائی کمیٹیوں کے اراکین مندوبین کی حیثیت سے شرکت کرینگے۔
اس قومی کانگرس میں پارٹی کے مرکزی رہنماء اداروں کا انتخاب عمل میں لایا جائیگا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پارٹی کا قومی کانگرس ایسے حالات میں منعقد ہورہا ہے کہ پشتون افغان غیور ملت کو اپنی تاریخ کے بدترین صورتحال کا سامنا ہے ۔ پارٹی اپنی قومی ، ملکی ،خطے اور عالمی صورتحال کے حوالے سے اپنی پالیسیاں وضع کریگی۔ اور پارٹی تنظیم کی تشکیل نو کے سلسلے میں اہم فیصلے کریگی۔ اس کانگرس میں پارٹی کے باشعور وطن پال اور سرباز کارکن خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی اور پارٹی کے اکابرین کی متعین کردہ قومی اہداف کے حصول ،پشتونخواوطن کی قومی وحدت ،پشتون افغان کی قومی سیاسی جمہوری اقتدار کی قیام ،پشتون ملی تشخص، ملک میں قوموں کی برابری کا جمہوری فیڈریشن کی تشکیل ، آئین وقانون کی حکمرانی ،پارلیمنٹ کی بالادستی کیلئے پر عزم جدوجہد کریگی۔
اور پارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل افغانستان کی ملی حاکمیت ، ملی استقلال ، ارضی تمامیت اور افغان عوام کی امنگوںکے مطابق امن کے قیام کیلئے افغانستان میں ہمسایہ ممالک کی ناروا مداخلت کی روک تھام کیلئے موثراقدامات اٹھائیں جس کیلئے پارٹی بھرپور آواز بلند کریگی ۔اور پارٹی کی قومی کانگرس سے ملک کے تمام جمہوری اور عوام دوست قوتوں کا تقویت حاصل ہوگی ۔بیان میں قومی کانگرس کے مندوبین کوسختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نظم وضبط ڈسپلن کا شاندار مظاہرہ کریں۔