|

وقتِ اشاعت :   January 30 – 2022

نوشکی: نوشکی میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ زرعی فیڈرز کی بجلی ٹائمنگ میں بلاوجہ کمی، یوریا کھاد کی اسمگلنگ اور نوشکی میں چوری ڈکیتی کے واقعات کے خلاف زمیندار ایکشن کمیٹی آل پارٹیز نوشکی و انجمن تاجران نوشکی کا مشترکہ اجلاس بی اینڈ آر ریسٹ ہاؤس میں زمیندار ایکشن کمیٹی کے صدر میر محمد اعظم ماندائی کے سربراہی میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں واپڈا کی عوام دشمن و زمیندار دشمن پالیسیوں، یوریا کھاد کی اسمگلنگ اور نوشکی میں چوری ڈکیتی میں اضافہ کا بغور جائزہ لیا گیا اور اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شرکاء نے کہا کہ واپڈا کا رویہ نوشکی کے زمینداروں کے ساتھ ظالمانہ اور غیر منصفانہ ہے بلوچستان میں ضلع نوشکی سب سے زیادہ ریکوری دینے والا ضلع شمار ہوتا ہے مگر واپڈا کے آفیسران اپنی بھتہ خوری کے لئے زمینداروں تاجر اور گھریلوں صارفین کے لئے خود ساختہ مسائل پیدا کرکے انہیں احتجاج پر مجبور کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ زمیندار ایکشن کمیٹی کا واپڈا کے خلاف احتجاج کامیابی سے ہمکنار ہورہی ہیں ضلع کے زمینداروں کی اکثریت نے اس ماہ بجلی کی واجبات جمع نہ کرکے یہ ثابت کردی ہے کہ نوشکی کے زمیندار ایک پلیٹ فارم پر متحد و یکجا ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوشکی کے زمیندار سیاسی جماعتیں اور تاجر برادری واپڈا کے خلاف سیاسی تحریک چلانے پر مجبور ہوگئے ہیں اور یہ تحریک واپڈا کے خلاف فیصلہ کن تحریک ثابت ہوگئی کسی ادارے اور آفیسر کو کسی صورت یہ اجازت نہیں دی جائیگی کہ وہ غریب عوام کے منہ سے نوالہ چھین لیں۔

انہوں نے کہا کہ احتجاجی تحریک کے سلسلے میں کل 31جنوری کو صبح دس بجے امین الدین روڈ نزد سجاد ہوٹل سے زمیندار ایکشن کمیٹی آل پارٹیز و انجمن تاجران کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی جائے گی اور میر گل خان نصیر چوک پر احتجاجی جلسہ عام منعقد کی جائے گی جس میں زمیندار و کسان، سیاسی سماجی ورکرز اور تاجر برادری بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔

احتجاجی تحریک کے دوسرے مرحلے میں 2 فروری کو نوشکی میں مکمل پہیہ جام ہڑتال ہوگی نوشکی کے تمام ٹرانسپورٹرز سے اپیل کی جاتی ہیں کہ وہ 2فروری کو واپڈا کے خلاف احتجاجی تحریک کو کامیاب بنانے کے لیے رضا کارانہ طور پر اپنی گاڑیاں سڑکوں پر نہ لائیں تاکہ پہیہ جام ہڑتال کے باعث ٹرانسپورٹ گاڑیوں کا عملہ اور مسافروں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اجلاس میں کوئٹہ تفتان شاہراہ پر سفر کرنے والے تمام ٹرانسپورٹرز سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ دو فروری کو آر سی ڈی شاہراہ پر سفر سے گریز کریں اجلاس میں ضلعی انتظامیہ کو تنبیہ کی گئی کہ وہ واپڈا حکام کی اشاروں پر زمینداروں کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کرنے سے گریز کریں بصورت دیگر ضلعی انتظامیہ کو بھی عوامی غیض و غضب کا سامنا کرنا پڑے گا۔