|

وقتِ اشاعت :   February 4 – 2022

کوئٹہ : کنوینئر ذیلی کمیٹی برائے قائمہ کمیٹی وزارت داخلہ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے پنجگور اور نوشکی میں فورسز کے کیمپوں پر دہشت گردوں کے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کبھی بھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ہماری بہادرپاک افواج اور دیگر سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خلاف تاریخ رقم کر رہی ہیں۔

انہوں نے اپنے مذمتی بیان میں حملوں میں شہید ہونے والے پاک افواج کے جوانوں کی شہادت پر دلی و رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گااور پاک افواج کے جوانوں کی وطن کی حفاظت کے لئے قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جائیں گی۔

انہوں نے پاک افواج کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک افواج نے دشمنوں کے ان بڑے حملوں کو بہادری سے ناکام بنایا جو قابل ستائش ہے اور آئندہ بھی ہماری بہادر سیکیورٹی فورسز اسی طرح دشمن کے ناپاک عزائم کو بہادری اور عزم و ہمت سے خاک میں ملاتی رہیں گی۔

سینیٹر ثمینہ ممتاز نے حملے میں شہید ہونے والے جوانوں اور زخمیوں کے اہل خانہ سے اظہارتعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان کے غم میں برابر کی شریک ہے اور دہشت گردی کے خلاف متحد ہے۔

انہوں نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے اہلکار اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر ملک کی حفاظت کر رہے ہیں جو کسی بھی قوم کے لئے انتہائی قابل فخربات ہے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز نے کہا کہ پاکستان مخالف طاقتیں امن کی دشمن ہیں، پاکستان میں امن ہمارے مخالفوں کو برداشت نہیں ہے۔ ان حالات میں پاکستان کے عوام کو متحد ہونے اور اندرونی و بیرونی دشمنوں کو متحد ہو کر جواب دینے کی ضرورت ہے۔

بلوچستان میں متواتر دہشتگردی کی کارروائیوں میں دشمن ملک بھارت ملوث ہے ۔تمام کارروائیوں کے تانے بانے بھارت اور افغانستان سے ملتے ہیں جنہیں پرامن پاکستان کھٹکتا ہے ۔پاکستان کے امن پسند لوگوں، غیور اور بہادر افواج نے ہزاروں قیمتی جانوں کی قربانی دے کر ملک میں امن بحال کروایا ہے لیکن امن دشمنوں کو یہ امن ایک آنکھ نہیں بھاتا یہی وجہ ہے کہ وہ دہشت گرد کارروائیوں کے لیے ملک دشمن عناصر کی پشت پناہی کرتے ہیں اور انہیں استعمال کرتے ہوئے امن پر حملہ کرتے ہیں۔

پنجگور اور نوشکی واقعات میں بھی یقینی طور پر وہی بیرونی ہاتھ ملوث ہے جو ماضی میں اس طرح کی کارروائیوں میں ملوث رہا ہے۔ انہوں نے حملے میں شہید اور زخمی ہونے والوں کے لئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور زخمیوں کو جلد صحتیابی عطا کرے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب کا قومی فریضہ ہے کہ امن و امان کی بہتری اور وطن کی حفاظت کے لئے اپنا اپنا کردارادا کریں اور دشمنوں کو باور کرادیں کہ پاکستانی قوم دہشت گردی کے خلاف ایک پلیٹ فارم پر ہے اور دہشت گردی کے ایسے بزدلانہ واقعات ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے

انہوں نے کہا کہ ہم سب کو چاہئے کہ اپنے تمام سیکیورٹی اداروں کا ساتھ دیں اور کسی بھی قسم کی غیر معمولی سرگرمی یا مشکوک افراد کی اطلاع فوری طور پر سیکیورٹی اداروں کو دیں تاکہ کسی بھی قسم کی دہشت گردی سے بچا جا سکے اور دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جاسکے۔