|

وقتِ اشاعت :   February 18 – 2022

کوئٹہ: کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی کا انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور بلوچستان نارتھ میجر جنرل محمد یوسف مجوکہ کے ہمراہ پشین کا دورہ تفصیلات کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے پشین میں گرینڈ لوئے جرگہ میں شرکت کی اور معززین سے خطاب کیا۔ جرگہ میں ممبرز صوبائی اسمبلی اصغر خان ترین، مولوی عبدالواحد صدیقی، عزیز اللہ آغا، پشین ، ڑوب، قلعہ سیف اللہ، چمن کے ضلعی انتظامیہ کے افسران اور پشین ،ڑوب، قلعہ سیف اللہ، موسی خیل اور چمن اضلاع کے قبائلی عمائدین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں اور قبائلی عوام کے تعاون کی بدولت سرحدی علاقوں میں امن قائم ہوا ہے اور ترقی و خوشحالی کا راستہ ہموار ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے اہلکار بلوچستان کے عوام کی حفاظت اور خوشحالی کیلئے اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ قبائلی عوام کا قیام امن کے لئے سیکورٹی فورسز کے ساتھ بھرپور تعاون اور غیر متزلزل اعتماد ہی ہماری کامیابی کا ضامن ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے دور دراز علاقوں کی پسماندگی دور کرنے کے لیے ہم سب کو مل کر مسائل کے حل کی کوششیں کرنی ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ کہ عمائدین اور مشران کے احساس ذمہ داری اور تعاون کی بدولت لوگوں کی سہولت کیلئے مختلف اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ کور کمانڈر نے عمائدین کی پاک افواج کی مسلسل اور مکمل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر قبائلی معتبرین نے کہا کہ ہم پاک آرمی اور فرنٹیئر کور بلوچستان کی مخلصانہ کاوشوں اور بے پناہ قربانیوں کے قدر دان ہیں۔ بارڈر سیکیورٹی اور مینجمنٹ کے حوالے سے علاقے کے لوگوں نے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا اور منشیات اور غیر قانونی نقل و حرکت کے انسداد کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ عمائدین نے علاقے میں موجود چیک پوسٹوں میں کمی پر کور کمانڈر کا شکریہ ادا کیا۔ قبائلی عمائدین کا کہنا تھا کہ وہ دہشت گردی اور جرائم کو مسترد کرتے ہیں اور ان کے خاتمے کے لیے اپنی معاشرتی ذمہ داری نبھائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ وہ علاقائی مسائل کے حل کے لیے ڈسٹرکٹ اور ڈویڑن لیول پر کمیٹیوں کی تشکیل کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ کور کمانڈر نے عمائدین اور علاقے کے عوام کی پاک افواج کی مسلسل اور مکمل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور پرامن اور خوشحال بلوچستان کی منزل کے حصول کو قومی ترجیح قرار دیا۔