خضدار: جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنماء رکن بلوچستان اسمبلی میر یونس عزیز زہری نے کہاہے کہ ملک میں بے روزگاری مہنگائی اور موجودہ وفاقی حکومت کی ناتجربہ کار پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت زبوح حالی کا شکار اور عوام کی قوتِ خرید جواب دے گئی ہے ، ملک میں اس سے قبل ایسے حالات کبھی بھی دیکھنے میں نہیں آئے اس وقت قوم کے افراد کے چہروں پر جو مایوسی اور احساسِ محرومی پیدا ہوئی ہے اس کی ماضی میں کوئی بھی مثال نہیں ملتی ہے ۔
اگر حالات ایسے رہے تو ملک میں کسی بھی المیہ کو کوئی بھی نہیں روک سکتا ہے ان خیالات کا اظہار انہوںنے اتوار کے روز خضدار میں مدرسہ اشاعت اسلام کی سالانہ دستارِ فضیلت تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس سے قبل انہوںنے تقریری مقابلہ اورقراء ت کے مقابلے میں پوزیشن ہولڈرز میں شیلڈ اور انعامات تقسیم کیئے اور دستارِ بندی میں شرکت کی ۔ مدرسہ کی کانفرنس سے خطاب کرتے رکن بلوچستان اسمبلی میریونس عزیز زہری کا کہنا تھاکہ جمعیت علمائے اسلام کی مرکزی اور صوبائی قیادت جس طرح موجودہ حکومت کے خلاف صف آراء رہی اور قوم کی قیادت کی ۔قبل ازیں اور موجودہ دورمیں موجود حکومت کی پالیسیوں سے عوام کو آگاہی دی اس پر قوم آج مطمئن اور جے یوآئی کی قیادت کے فیصلوں کی تائید کررہی ہے ۔
جمعیت علمائے اسلام نے روزِ اوّل سے ان حکومت کی بد اعمالیوں اور غلط پالیسی اور ناتجربہ کاری سے قوم اور دیگر سیاسی جماعتوں کو آگاہ کرتی رہی اور آج جوخطرناک صورتحال ملک میں پیداہوئی ہے وہ سب کے سامنے ہے اور قوم بخوبی ان سے آگاہ ہے ، ملک میں خود کشیاں ہورہی ہیں اور لوگ اپنے بچوں کو بیچ رہے ہیں اس مہنگائی کے اثرات دیگر صوبوں کی بنسبت بلوچستان میں بہت زیادہ رونماء ہوئے ہیں چونکہ یہاں احساسِ محرومی غربت اور بے روزگاری پہلے سے زیادہ بڑھ چکی ہے اور عوام کو کاروبار و روزگار کا کوئی بھی وسیلہ مہیاء نہیں ہے اس لیئے یہاں عوام دووقت کی روٹی کے لئے بھی ترس رہے ہیں ان حالات سے نکلنے کے لئے صالح اور دیانتدار حکومت کی اشد ضرورت ہے ۔رکن بلوچستان اسمبلی میر یونس عزیز زہری نے مدرسہ اشاعت الاسلام کے مہتمم مولانا عنایت اللہ رودینی اور دیگرمنتظمین نے کو ختم بخاری شریف کے موقع پر کامیاب جلسہ کرنے پر مبارک باد پیش کی اور دستارِ فضیلت کے مستحق طلباء اور تقریری و قراء ت کے مقابلے میں پوزیشن لینے والے طلباء کو بھی اس خوش قسمتی پر مبارک باد دی ۔