|

وقتِ اشاعت :   February 25 – 2022

اسلام آباد : ای سی سی نے بحث کے بعد پانچ ضروری اشیاء پر سبسڈی کو جاری رکھنے کی اجازت دے دی۔وفاقی وزیر خزانہ و محصولات شوکت ترین کی زیر صدارت جمعرات کو اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی )کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ سید فخر امام، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور عمر ایوب خان، وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب، وفاقی سیکرٹریز اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ وزارت تجارت نے افغانستان اور ایران کے ساتھ باڈر تجارتی انتظامات کے قیام کے لئے ریگولیٹری سپورٹ فراہم کرنے کے لئے ایک سمری پیش کی۔

ای سی سی نے بحث کے بعد ای پی او 2020 اور آئی پی او 2020 کی متعلقہ دفعات میں ترمیم کرکے باڈر تجارتی انتظامات کو ریگولیٹری کور دینے کی اجازت دی۔ ای سی سی نے تفصیلی بحث کے بعد وزارت صنعت و پیداوار کو چینی کے سٹرٹیجک ذخائر بنانے کی اجازت دی تاکہ مستقبل میں قیمتوں میں تبدیلی/قیمتوں میں اضافے سے بچا جا سکے۔ اس کے مطابق وفاقی حکومت 0.30 ملین میٹرک ٹن چینی خریدے گی اور پنجاب اور سندھ کی صوبائی حکومتیں رواں فصل سال میں شوگر ملوں سے سٹرٹیجک ذخائر کے لئے 0.20 ملین میٹرک ٹن چینی خریدیں گی جس سے مقامی مارکیٹ میں قیمتیں کم ہوں گی۔

وزارت صنعت و پیداوار کی طرف سے پانچ اشیائے ضروریہ یعنی آٹا، گھی، چینی، چاول اور دالوں پر غیر ٹارگٹڈ سبسڈی جاری رکھنے کے حوالے سے پیش کی گئی ایک اور سمری پر ای سی سی نے بحث کے بعد پانچ ضروری اشیاء پر سبسڈی کو جاری رکھنے کی اجازت دے دی۔ چیئر نے یو ایس سی کو ہدایت کی کہ وہ فروری کے ابتدائی 23 دنوں تک ان اشیاء پر سبسڈی جاری رکھنے کے لئے وزارت قانون و انصاف سے رہنمائی حاصل کرے۔ وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ نے افغانستان کو 50,000 میٹرک ٹن گندم کے لئے اپنی سابقہ سمری واپس لینے کے لئے ایک سمری پیش کی۔ ای سی سی نے 50000 میٹرک ٹن کے لئے پہلے کی سمری کو واپس لینے کی اجازت دی اور 6627 ملین ٹن گندم پہلے ہی فراہم کرنے کی اجازت دے دی جس کی مالیت 0.67 ارب روپے ہے۔ وزارت قومی غذائی تحفظ اور تحقیق نے پاسکو کے گندم کی خریداری کے اہداف کے ساتھ نقد قرض کی حد کے تعین کے بارے میں ایک اور سمری پیش کی۔ای سی سی نے پاسکو کو 1.20 ایم ایم ٹی گندم کا ہدف دیا جس میں کیش کریڈٹ کی حد 65 ارب روپے ہے۔ ای سی سی نے بحث کے بعد درج ذیل ضمنی/تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری دی۔