|

وقتِ اشاعت :   February 26 – 2022

 کراچی: ملک کے نامور کامیڈین شکیل صدیقی بھی چوروں سے محفوظ نہ رہ سکے کیوں کہ گھر کے باہر سے ان کی گاڑی غائب ہوگئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق شہرقائد کے علاقے نارتھ کراچی سیکٹر الیون میں شکیل صدیقی کی کار ان کی رہائش گاہ کے باہر کھڑی تھی کہ نامعلوم ملزمان چوری کرکے لے گئے۔

کامیڈین نے ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا  کہ واقعے شام سوا پانچ کے قریب پیش آیا جس کی اطلاع متعلقہ تھانے اور ون فائیو مدد گار پولیس کو کردی ہے تاہم رات گئے تک گاڑی کا کوئی سراغ نہیں ملا ہے۔

خیال رہے کہ کراچی میں چوری ڈکیتی کی وارداتوں میں حالیہ چند مہینوں کے دوران اضافہ دیکھا گیا ہے۔ گزشتہ دنوں ڈکیتوں نے نجی ڈی وی  چینل کے پروڈیوسر اطہر متین کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا تھا بعد ازاں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایکشن لیا اور صحافی کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم کو گرفتار کیا۔

پولیس ترجمان نے بتایا کہ ملزم محمد اشرف کو منگھوپیر کے علاقے بلوچستان باڈر سے گرفتار کیا گیا ہے جبکہ ملزم کے دوسرے ساتھی کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔