|

وقتِ اشاعت :   March 2 – 2022

پنجگور:  ڈپٹی کمشنر پنجگور عبدالرزاق ساسولی نے کہا کہ ای ٹیگ سسٹم میں شفافیت برقرار رکھی جائے گی ،گاڑیوں کی ٹمپرنگ اور جعل سازی کسی بھی صورت قابل قبول نہیں ہوگی، رجسٹریشن کے عمل میں مزید تیزی لاکر میرٹ اور شفافیت کو برقرار رکھا جائے گا عوام ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں جن لوگوں کے فارم جمع ہیں سب کو ای ٹیگ دیاجائے گا۔

گاڑی مالکان افواہوں کا شکار نہ بنیں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ای ٹیگ سینٹر کے دورہ اور زمباد یونین انجمن تاجران کمیٹی کے ساتھ میٹنگ اور شہریوں اور گاڑی مالکان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر گوارگو برکت بلوچ بلوچ بھی انکے ہمراہ تھے۔

ڈپٹی کمشنرپنجگور عبدالرزاق ساسولی نے کہا کہ بارڈر سے وابستہ کاروباری افراد کے مشکلات کے حل اور انہیں مزید ریلیف دینے کے لئے ہر ممکن اقدامات کررہے ہیں، ای ٹیگ سسٹم کو مزید تیز اور شفاف بنانے کے لئے اقدامات کررہے ہیں۔

اسسٹنٹ کمشنر گوارگوبرکت بلوچ اور انکے ٹیم کی محنت اور کوششوں سے ای ٹیگ لگانے کا عمل میرٹ اور شفافیت کے ساتھ جاری ہے اور میرٹ کا ہر لحاظ سے خیال رکھا جارہا ہے جس کو جو بھی شکایت اور مسئلہ ہو وہ اسسٹنٹ کمشنر گوارگو برکت بلوچ سے انکے دفتر میں رابطہ کرے انکے جائز شکایتوں کا بروقت ازالہ کیا جائے گا۔

انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ جعل سازی اور ٹمپر شدہ گاڑیوں کی نشاندہی ہونے کی صورت میں بھرپور کارروائی ہوگی اور اس قسم کی تمام گاڑیوں ای ٹیگ بلاک کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ بارڈر سے وابستہ کاروباری افراد کے مفادات کا ہر صورت تحفظ کرے گی اور کوشش کریں گے ای ٹیگ کا عمل جلد سے جلد میرٹ اور شفاف طریقے سے مکمل ہو اور اس عمل کو یونین کونسل وائز کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے تاکہ تمام لوگوں کو یکساں ریلیف ملے۔