|

وقتِ اشاعت :   March 4 – 2022

اوستہ محمد :  نیشنل پارٹی تحصیل اوستہ محمد کے سابق صدر کامریڈ علی حسن بلوچ نے کہا ہے کہ محکمہ مواصلات و تعمیرات جعفر آباد سفید ہاتھی بن چکا ہے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کروڑوں روپے کی خطیر رقم سے تعمیراتی عمل کرپشن کی نذر ہو رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار علی حسن بلوچ نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاانہوں نے کہا کہ اوستہ محمد تحصیل گنداخہ سمیت جعفرآباد میں کروڑوں روپے کی لاگت سے جاری ترقیاتی اسکیمات صرف کاغذی کارروائی تک محدود ہوکر رہ گیا ہے عوام ترقیاتی اسکیمات سے مستفید نہیں ہو رہے۔

انہوں نے کہا کہ ستم ظریفی کی انتہا ہوچکی ہے اوستہ محمد شہر کے مین جنا ح روڈ محراب پور روڈ کے ٹینڈر جاری ہونے کے ساتھ ساتھ ترقیاتی عمل شروع کر دیا گیا اور مبینہ طور پر ٹھیک داروں کو ایڈوانس پیمنٹ بھی کی گئی لیکن کئی عرصہ گزر جانے کے باوجود ٹھیکیدار بلیک ٹاپ سڑک کا کام ادھورا چھوڑ کر رفو چکر ہوگیا۔

جس کی وجہ سے شہری و تاجربرادری شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں لیکن افسوس صد افسوس افسران کے کانوں جوں تک نہیں رینگتی انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ صحت تعلیم کمونٹی ھال اور بلیک ٹاپ سڑکوں کی تعمیر میں سرعام کرپشن کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ مواصلات و تعمیرات جعفر آباد کی مبینہ کرپشن کے خلاف فوری طور پر تحقیقات کی جائے ورنہ نیشنل پارٹی عوامی طاقت سے کرپشن میں ملوث افسران کے خلاف عوامی تحریک چلانے سے دریغ نہیں کرے گی۔