کوئٹہ: سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا ہے کہ پاکستان میں امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے کی مذموم کوشش کی جارہی ہے جس کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی سیکیورٹی انتظامات کو مزید موثر بنانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں انہوں نے کہا کہ دشمن ہمیں غیر مستحکم کرنا چاہتا ہے تاکہ اپنے مذموم مقاصد حاصل کر سکے لیکن وطن عزیز پاکستان میں امن و امان کی صورتحال پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
حکومت پاک افواج اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کر مضبوط لائحہ عمل طے کر رہی ہے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے پشاور میں خودکش دھماکے اور کوئٹہ میں بم دھماکے کے واقعات میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر شدید رنج و غم اور غصے کا اظہارکرتے ہوئے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ ملک دشمن عناصر وطن عزیز کی تعمیر و ترقی اور امن و امان کو برداشت نہیں کر رہے اور اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لئے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت نہتے شہریوں اور سیکیورٹی فورسز پر بزدلانہ حملے کر رہے ہیں جس کی شدید مذمت کرتے ہیں اور دشمن کو یہ باور کرا دینا چاہتے ہیں کہ اس طرح کے بزدلانہ حملے پرعزم قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے بہت جلد یہ تمام دشمن عناصر اپنے انجام کو پہنچیں گے۔
سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کی جانب سے ایک بار پھر ملک میں سوچے سمجھے منصوبے کے تحت امن و امان کی صورتحال کو خراب کی سازش کی جارہی ہے تاکہ ملکی صورتحال کا فائدہ اٹھا کر اپنے مذموم مقاصد حاصل کر سکیں جو کہ شکست خوردہ عناصرکی جانب سے ملک کو غیر مستحکم کرنے کی ناکام کوشش ہے۔
انہوں نے کہا کہ دشمن اور مفاد پرست عناصر مادر وطن پاکستان کی تعمیر و ترقی و خوشحالی اور امن و امان کی صورتحال سے خوش نہیں اور اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لئے گھنائونی کارروائیاں کرتے ہیں لیکن الحمداللہ پوری قوم، پاک افواج اور دیگر سیکیورٹی فورسز نے ہمیشہ ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کر ان کی بیخ کنی کی ہے ۔
پاک افواج اور دیگر سیکیورٹی فورسزنے بڑی قربانیوں کے بعد ملک سے دہشت گردی کو ختم کیا ہے اور دہشت گردی اور ملک میں امن وامان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ممکن بنانے کے لئے ہمہ وقت اپنا کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے پشاور اور کوئٹہ میں بم دھماکوں میں شہید ہونے والے افراد اور زخمیوں کے لئے دعا کی اللہ تعالیٰ شہداء کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور زخمیوں کو جلد صحتیابی عطا فرمائے۔
انہوں نے پوری قوم خاص کر نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کہا کہ ہم سب کا قومی فریضہ ہے کہ امن و امان کی بہتری اور وطن کی حفاظت کے لئے اپنا اپنا کردارادا کریں اور دشمنوں کو باور کرادیں کہ پاکستانی قوم دہشت گردی کے خلاف متحد اور ایک پلیٹ فارم پر ہے اور دہشت گردی کے ایسے بزدلانہ واقعات ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔