ایک وقت تھا کہ پاکستان میں فٹبال کھیل کے فروغ و ترقی میں تعلیمی اداروں کابہت بڑا کردار رہا اسکول و کالج سطح پر فٹبال کھیل کو بڑی اہمیت حاصل رہی اور باقاعدہ پی۔ٹی ٹیچر اور کلاسز کا اہتمام کیا جاتا تھا اس دور میں اسکول و کالج کی سطح پر باقاعدگی کیساتھ مختلف علاقائی اور صوبائی سطح پر مقابلوں کا انعقاد کیا جاتا رہا اور ان ٹورنامنٹ میں نمایاں کارکردگی پیش کرنے والے کھلاڑیوں کو مختلف محکمہ جاتی ٹیموں کے کوچز اپنے اپنے محکموں کیلئے سلیکٹ کیا کرتے تھے اور اس طرح ان فٹبالرز کیلئے روزگار کے دروازے کھلے رہتے اس دور میں فٹبال کھیل اپنے عروج پرتھا اور فٹبالرز بھی خوشحال تھے ۔
بدقسمتی سے تعلیمی اداروں نے جب یہ سلسلہ ختم کیا اور پاکستان فٹبال میں سیاست کا آغاز شروع ہوا تو یہ فٹبال کھیل تنزلی کی جانب گامزن رہا اور پھر رہی سہی کسر محکمہ جاتی ٹیموں کی بندش نے پوری کرلی اور فٹبالر معاشی بدحالی کاشکار ہوتے گئے اور نتیجتاً بہت سارے قومی ہیروز اس کھیل سے دور ہوتے چلے گئے ‘ اسکول سطح پر فٹبال کھیل کا آغاز کرنے والے پاکستان کسٹم کے نیشنل فٹبالر شریف گل نے بھی اپنے کھیل کا آغاز 1972 میں لیاری کے قدیمی “بلوچ سکینڈری اسکول” نوالین سے کیا اور اسکول کی سطح پر کراچی و دیگر صوبوں میں اپنے کھیل کے جوہر دکھائے اور ساتھ ساتھ علاقے کے مقامی کلبوں سے بھی کھیلتے رہے شریف گل کا لوکل سطح پر پہلا کلب “سبز باغ فٹبال کلب” تھا جو اب “سندھ بلوچ فٹبال کلب” کے نام سے ڈسٹرکٹ ساؤتھ کے بہترین کلبوں میں اس کا شمار ہوتا ہے۔
وقت کے ساتھ شریف گل ایک برق رفتار فارورڈ اور اسکورر کے طور پر سامنے آگئے اور ساؤتھ کے مختلف کلبوں کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کرتے رہے ۔ 1973ء میں پی آئی اے یوتھ ٹیم کی تشکیل نو کے موقع پر شریف گل کو نواب کریم الدین جیسے اعلیٰ پائے کے کوچ نے PIA یوتھ ٹیم کیلئے سلیکٹ کیا اور پی آئی اے کی ٹیم میں ماضی کے عظیم قومی ہیروز جن میں پاکستان کے سابق کپتان غلام سرور سینئر، عبدالواحد، ابو، نعیم گل اور نوشاد بلوچ جیسے نامور قومی ہیروز کیساتھ کھیلتے رہے ساتھ ہی اپنے علاقائی کلب آزاد مسلم فٹبال ٹیم کی تشکیل کیلئے بھی کلیدی کردار ادا کیا کلب کی جانب سے کھیل کے ساتھ کوچنگ کی ذمہ داری بھی نبھاتے رہے 1984ء میں انہوں نے پاکستان کسٹم کی ٹیم کو جوائن کیا شریف گل نے پاکستان کسٹم کی جانب سے بیشمار ٹورنامنٹ میں حصہ لیا وہ اپنی ٹیم کے بہترین فارورڈ اور ٹاپ اسکورر کھلاڑی رہے ہیں دیگر محکمہ جاتی ٹیموں کی بندش کیطرح جب پاکستان کسٹم فٹبال ٹیم کو بھی ختم کیاگیا تو شریف گل سمیت بہت سے قومی ہیروز فٹبال سے دور ہوتے گئے ۔