|

وقتِ اشاعت :   March 5 – 2022

کوئٹہ: پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی رہنماحمزہ خان ناصر نے کوئٹہ اور پشاور میں بم دھماکوں میں بے گناہ افراد کی شہادت اورزخمی ہونے کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہ افراد کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے افراد انسان کہلانے کے بھی مستحق نہیں ہیں ،پاک فوج اوردیگر سیکورٹی ادارے ملک سے جلد بچے کچھے دہشت گردوں کا صفایا کردیں گے۔

یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں حمزہ خان ناصر نے کہا کہ پاکستان دشمن عناصر ملک میں دہشت گردی کرکے عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں دہشت گردوں کے مذموم مقاصد کو کسی بھی صو رت پاک فوج اوردیگر سیکورٹے ادارے کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے کوئٹہ کے علاقے فاطمہ جناح روڈ پر دکان میں دھماکے سے تین افراد کی شہادت اور 19سے زائد افراد کے زخمی جبکہ پشاور کی مسجد میں خود کش دھماکے میں 57نمازیوں کی شہادت اور196کے زخمی ہونے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات میں ملوث عناصر کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں پاک فوج اوردیگرسیکورٹی اداروں نے دہشت گردوں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے بچے کچھے دہشت گردوں کا بھی جلد ملک سے صفایا کردیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے عوام پاک فوج اوردیگر سیکورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ملک کے دفاع کیلئے جان و مال کی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں۔

انہوں نے بم دھماکوں میں شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے تعزیت اورزخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترسہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے۔