تربت: تربت ٹو کوئٹہ پیدل لانگ مارچ بالگتر پہنچ گیا، کامریڈ گلزار دوست آج رات گزستان بلیدہ کراس میں قیام اور کل. پنجگور کی جانب نکلیں گے۔
لاپتہ افراد کی بازیابی، بلوچستان میں نوجوانوں کی جبری گمشدگی، منشیات کے پھیلاؤ، آبادیوں اور پبلک مقامات پر چیک پوسٹ و چوکیوں کے خاتمہ سمیت دیگر مطالبات کے حق میں پیدل لانگ پر نکلے تربت سول سوسائٹی کے کنوینر کامریڈ گلزار دوست چھٹے دن بالگتر پہنچ گئے وہ آج رات گزستان بلیدہ کراس پر قیام کے بعد ہفتے کی صبح پنجگور کے لیے نکلیں گے، کامریڈ گلزار دوست بالگتر میں ضلع پنجگور کی حدود میں پہنچے تو بڑی تعداد میں لوگوں نے ان کا استقبال کیا اور کافی فاصلے تک ان کے ساتھ لانگ مارچ کا حصہ بنے۔
میڈیا سے گفتگو میں کامریڈ گلزار دوست نے بتایاکہ وہ بلوچستان کے چند اہم نوعیت کے قومی مسائل کو لے کر پیدل لانگ مارچ کررہے ہیں جن میں سب سے اہم مسائل جبری گمشدگی، سالون اور عشروں سے لاپتہ نوجوانوں کی باحفاظت بازیابی، بلوچستان میں منشیات کو عام کرکے نوجوان نسل کو ایک منصوبہ کے تحت تباہ کرنے، انگریز زمانے کے کالے قانون لینڈایکوزہشن ایکٹ 1894 کے زریعے سندھ اور بلوچستان میں بلوچوں کی آبائی زمینوں پر جبری قبضہ اور بلوچستان بھر میں آبادی کے اندر اور پبلک مقامات پر ایف سی کی چوکی اور چیک پوسٹوں کا خاتمہ شامل ہیں، کامریڈ گلزار دوست جس علاقے میں گزرتے ہیں وہاں مرد و خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد ان کے استقبال کے لیے موجود رہتی ہے، کل ہوشاپ اس سے پہلے ہیرونک اور بالگتر میں لوگوں نے بہت بڑی تعداد میں باہر نکل کر ان کا استقبال کیا اور ان کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔