کوئٹہ: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے ترجمان حافظ حمداللہ نے نجی ٹی وی چینل کے حکومتی بائیکاٹ ، سرکاری پابندیوں کے نفاذ اور اشتہارات کی بندش کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ عمران نیازی اب عمران نازی بن چکے ہیں۔
اپوزیشن کی جانب سے عدم اعتماد عوام کو نازی ازم سے نجات دلائے گی ، صحافیوں کی پسلیاں توڑنے ، میڈیا کی زباں بندی تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کا ثبوت ہے ۔
اپنے جاری کردہ بیان میںمولانا حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے نجی ٹی وی چینل کا بائیکاٹ ،سرکاری پابندیوں کے نفاذ اوراشتہارات کی بندش کی قابل مذمت اقدام ہے جس سے اندازہ لگایا جاسکتاہے کہ عمران نیازی عمران نازی بن چکے ہیں جبکہ عوام عمران نیازی کا عوام بائیکاٹ کرچکے ہیں، عدم اعتماد اس نازی ازم سے نجات دلائے گی ۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا کی جانب سے موجودہ حکومت کی ناکامیاں اور غلط پالیسیاں سامنے لانے پر پی ٹی آئی نجی ٹی وی چینل کے خلاف جنگ پر اتر آئی ہے
انہوں نے کہاکہ آف ائیر کردیا صحافیوں کی پسلیاں توڑنے، میڈیا کی زباں بندی تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کا ثبوت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گیدڑ کی موت آتی ہے تو وہ شہر کا رخ کرتا ہے، حکمرانوں کی رسوائی اور رخصتی کا وقت آتا ہے تو وہ میڈیا کا آئینہ توڑنے لگتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میڈیا کے خلاف کالے قوانین، میڈیا پر پابندیوں کونہ صرف مسترد کرتی ہے بلکہ میڈیا کی آزادی، دستوری آزادیوں کے تحفظ کی جدوجہد میں بھرپور ساتھ دے گی۔