|

وقتِ اشاعت :   March 7 – 2022

تربت:  صوبائی وزیر زراعت میر اسداللہ بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان کسی کی جاگیر نہیں ہے بلکہ یہ یہاں کے غریب عوام کی میراث ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے غریب عوام نے ہمیں منتخب کرکے اسمبلیوں میں بھیجا ہے اور یہ اب ہماری زمہ داری ہے کہ ہم محنت کش عوام کی حالت بہتر بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں ان خیالات کا اظہار انہوں نے تربت سرکٹ ہاؤس میں پی این پی عوامی کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ ہماری منزل نہیں ہے بلکہ عوام کی خدمت کرنے کا ایک ذریعہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاست دانوں کو چاہیے کہ اقتدار کی کرسی حاصل کرنے کے بعد عوام کی حالت زار کو بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کریں اور لوگوں کو باعزت روزگار کا ذریعہ فراہم کریں ناکہ زبانی جمع خرچ سے کام لیں۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کی سربراہی میں صوبائی حکومت نے وفاقی حکومت سے سرحدی تجارت کے بارے میں تفصیلی گفتگو کی ہے جسمیں بلوچستان کے ہر ضلع میں صنعتی یونٹس کا،قیام، زمین داروں کے لیے ٹیوب ویل اور سولر سسٹم کی فراہمی شامل ہیں تاکہ بلوچستان کے بیروزگار نوجوانوں کو باوقار روزگار کا ذریعہ فراہم کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی سرزمین معدنیات کی دولت سے مالامال ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم ان وسائل کو بروئے کار لاکر ملک اور قوم کی ترقی کے لیے کام کرسکیں۔ اس موقع پر انہوں نے بلوچستان کی سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے سیاسی اختلافات کو بھلا کر عوام کی فلاح وبہبود کے بارے میں مشترکہ طور پر کام کرنا چاہیے تاکہ ہم سب ملکر بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرسکیں۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں کو ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں پوائنٹ سکورنگ سے باز آنے کی بھی تلقین کی۔ اس موقع پر اسٹیج پر مرکزی لیبر سیکرٹری نور احمد بلوچ، مرکزی اسپورٹس سیکرٹری رحمدل بلوچ، اراکین سنٹرل کمیٹی شکیل احمد بلوچ، حاجی محمد اکبر بلوچ، میر مجیب بلیدئی، علی جان جوسکی موجود تھے پروگرام میں ضلع پنجگور کے ضلعی فنانس سیکرٹری میر سلیمان سدوزئی، ضلعی انفارمیشن سیکرٹری میجر شوکت بلوچ، ڈپٹی ڈائریکٹر واٹر مینجمنٹ پنجگور محمد زمان بلوچ، چیئرمین زکوہ پنجگور بشیر احمد دھانی اور ضلع کیچ کے سنئیر کارکنان نے کثیر تعداد میں شرکت کی جبکہ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض سابق ضلعی صدر کامریڈ ظریف زدگ بلوچ نے انجام دیئے۔