|

وقتِ اشاعت :   March 10 – 2022

گوادر: گوادر پورٹ اتھارٹی اور چائنا کمپنی سی ایچ ای سی کے درمیان سی واٹر ڈیسیلینیشن پروجیکٹ کے تعمیراتی معاہدے پر دستخطی تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں چیرمین گوادر پورٹ اتھارٹی نصیر خان کاشانی، پاک نیوی کے کمویسٹ ریئرایڈمرل جواد احمد اور 440 بریگیڈ کے کمانڈر بریگیڈیئر فہدحسین اور چائینیز ہاربر انجینئرنگ کمپنی کے نمایندوں کی موجودگی میں گوادر پورٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر داؤد بلوچ اور سی ایچ ای سی کے نمایندہ نے تعمیراتی معاہدے پر دستخط کردیئے۔

معاہدے کے دستخطی تقریب سے چئیرمین گوادر پورٹ اتھارٹی نصیر خان کاشانی، چائنا ہاربر انجینئرنگ کمپنی (CHEC) کے ہو پنگ اور ڈائریکٹر داؤد بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گوادر پورٹ اتھارٹی نے پچھلے ڈھائی سالوں میں درجنوں پروجیکٹ کامیابی کے ساتھ مکمل کیئے ہیں لیکن اس پروجیکٹ کی اپنی اہمیت ہے، گوادر کے لیے یہ پروجیکٹ انتہائی اہمیت کے حامل ہے، یہ ڈیسیلینیشن پلانٹ 12 لاکھ گیلن پانی روزانہ صاف کرکے پینے کے قابل بناتی ہے۔ اْنہوں نے کہا کہ موجودہ تین لاکھ گیلن کو ملا کر پندہ لاکھ گیلن پانی روزانہ کی بنیاد پر بنانے کی صلاحیت رکھنے والا یہ پلانٹ پورٹ فری زون میں قائم کیا جارہا ہے۔

معاہدے کی تکمیل میں منسٹری میری ٹائم افیئرز، منسٹری پی اینڈ ڈی، ضلعی انتظامیہ، سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جی پی اے کی ٹیم نے اہم رول ادا کیا، چیرمین جی پی اے نے چائنا، وفاقی حکومت اور دیگر اداروں کے ساتھ دن رات کوششوں اور ٹیم ورک کی بدولت اتنی بڑی عوامی پروجیکٹ حاصل کرنے میں کامیابی ملی، ڈیسیلینیشن پلانٹ چند مہینوں میں مکمل ہوجائے گا، پلانٹ مکمل ہونے کے بعد گوادر کے پرانی ماہیگیر آبادی کو پانی کی سپلائی شروع کی جائے گی پہلی ترجیح آبادی ہے اس کے بعد انڈسٹریل زون کو بھی پانی فراہم کیا جائیگا۔ سوڈ و آنکاڑہ ڈیم کی نسبت گوادر پورٹ سے پرانی ماہیگیر آبادی کو پانی کی سپلائی کرنا آسان ہے۔ گوادر پورٹ اتھارٹی سوشل سیکٹر میں عوام کو سہولیات پہنچانے میں اہم رول ادا کررہا ہے۔