اسلام آباد پولیس کی جانب سے پارلیمنٹ لاجز میں آپریشن اور اس کے نتیجے میں جے یو آئی کے ارکان قومی اسمبلی کی گرفتاری پر مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا ردعمل بھی سامنے آگیا۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کو عمران خان کی گرتی حکومت کا آلہ کار بننے سے پرہیز کرنا چاہیے، پاگل پن پر مبنی کارروائیوں کا الزام اپنے سر لینا مناسب نہیں ،نقصان اٹھانا پڑیگا۔
خیال رہے کہ پارلیمنٹ لاجز میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے محافظ دستے انصار الاسلام کے کارکنوں کی موجودگی پر اسلام آباد پولیس نے آپریشن کرکے متعدد گرفتاریاں کی ہیں۔
پارلیمنٹ لاجز میں آپریشن ڈی آئی جی آپریشن کی کمانڈ میں کیا گیا۔ میڈیا کو پارلیمنٹ لاجز سے نکال دیا گیا جس کے بعد پولیس کی نفری نے صلاح الدین ایوبی کے لاج کا دروازہ توڑ کر گرفتاریاں شروع کیں۔
اطلاعات کے مطابق پولیس نے 10 افراد کو تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کر دیا ہے، گرفتار ہونے والوں میں جے یو آئی کے رکن قومی اسمبلی صلاح الدین ایوبی، جمال الدین اور جے یو آئی اسلام آباد کے ترجمان مفتی عبداللہ بھی شامل ہیں۔
پولیس کا انصار الاسلام کیخلاف آپریشن 30 منٹ تک جاری رہا جبکہ اس دوران انصار اسلام کے کئی رہنما کپڑے بدل کر لاجز سے نکل گئے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی پارلیمنٹ لاجز سے پولیس فورس کے فوری انخلاء کا مطالبہ
ارکان پارلیمان کی رہائش گاہوں پر دھاوا غنڈہ گردی ہے، ارکان پارلیمنٹ پر پولیس تشدد، گرفتاری اور بدسلوکی انتہائی قابل مذمت ہے— Muhammad Shehbaz Sharif (@president_pmln) March 10, 2022
اطلاعات کے مطابق آپریشن کرنے والی ٹیم پارلیمنٹ لاجز سے روانہ ہوگئی ہے۔