تربت: آل پارٹیزکیچ کا اجلاس بدھ کے روز بی این پی کے دفتر میں کنوینر، پی این پی عوامی کے مرکزی سیکرٹری ہیومن رائٹس خان محمدجان کی صدارت میں منعقد ہوا، اجلاس میں پی این پی عوامی کے رہنما،ڈپٹی کنوینر عبدالغفور کٹور، انفارمیشن سیکرٹری سراج بیبگر، بی این پی کے ضلعی صدر میجرجمیل احمددشتی، نصیر احمد گچکی، شے ریاض احمد، نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر مشکورانور، محمدجان دشتی،فضل کریم، رجب یاسین، پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما نواب شمبے زئی، بی این پی عوامی کے رہنما کامریڈ ظریف زدگ، جماعت اسلامی کے رہنما غلام یاسین بلوچ، جے یو آئی کے رہنما مولانا عبدالحفیظ مینگل ودیگر نے شرکت کی۔
اجلاس کے بعد آل پارٹیزکیچ کے کنوینر خان محمدجان نے میڈیا کوبریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ آل پارٹیز کیچ ایک اہم فورم ہے جس میں کیچ کی تمام سیاسی جماعتیں شامل ہیں جو کوشش کررہی ہے کہ سیاسی سرگرمیاں بحال ہوں کیونکہ کافی عرصہ سے غیرسیاسی عناصرکی طرف سے یہ کوششیں جاری ہیں کہ سیاسی سرگرمیاں ختم یامحدود ہوں، غیرسیاسی قوتوں کاکردارختم کرنے کراکے سیاسی ماحول پیداکرنا آل پارٹیز کیچ کاایک اہم مقصد ہے جمہوری سیاسی قوتوں کی آگے آکر مشترکہ مسائل وایشوزپر مشترکہ لائحہ عمل طے کرکے ہی بہتر نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں اس سلسلے میں تمام اسٹیک ہولڈرز آن بورڈ ہیں اورجمہوری سیاسی اندازمیں مسائل کے حل کیلئے مصروف عمل ہیں، انہوں نے بتایاکہ آل پارٹیز عوام کے اجتماعی مسائل، ساحل وسائل اور قومی حقوق کے حصول کیلئے جدوجہد کررہی ہے۔
اس جدوجہد میں تمام سیاسی جماعتیں خلوص اور ایمانداری کے ساتھ اپنا کردارنبھارہے ہیں اس لئے آل پارٹیز کیچ ان قوتوں کے سامنے کھڑی رہے گی جو عوام کے حقوق غصب کئے ہوئے ہیں اورفورم نے وقتاً فوقتاً حقیقی مسائل پر سخت اسٹینڈ لیکر یہ ثابت بھی کیاہے انہوں نے کہاکہ آل پارٹیزکیچ کے خلاف ہونے والی تمام سازشوں کا مل کرمقابلہ کیاجائے گا اورباہمی اتفاق رائے اورجمہوری اندازمیں آل پارٹیز کے تمام فیصلے کئے جائیں گے۔