اسلام آباد میں سابق صدر جنرل ضیاء الحق کی قبر پر نعرے لگانے پر پیپلزپارٹی کے کارکنوں کے خلاف 6 روز بعد مقدمہ درج کرلیا گیا۔
مقدمہ مسلم لیگ ضیاء کےسینیئر نائب صدر اسماعیل قریشی کی مدعیت میں تھانہ مارگلہ میں درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق پیپلزپارٹی کے کارکنوں نے سابق صدر ضیاءالحق کی قبرکی بے حرمتی کی، مقدمے میں پیپلزپارٹی کے ورکر ملک واصف کھوکھر اور دیگر کو نامزدکیا گیا ہے۔
تھانہ مارگلہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ضابطےکی کارروائی شروع کردی ہے۔
خیال رہےکہ گزشتہ دنوں پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی جانب سے سابق صدر کی قبر پر کھڑے ہو کر شدید نعرے بازی کی گئی تھی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔