گوادر: گوادر یونیورسٹی کی انتظامیہ کے زیراہتمام منبرو محراب و پیغام پاکستان کانفرنس کا انعقاد کیا گیا اس کانفرنس کے مہمان خصوصی چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان خطیب و امام بادشاہی مسجدلاہور سفیر امن مولانا سید محمد عبدالخبیر آزادچیئرمین مجلس علماء پاکستان تھے، جس میں تمام مکاتب فکر کے جید علماء کرام و مشائخ عظام،یونیورسٹی کے وائس چانسلر عبدالرزاق،اساتذہ کرام،پروفیسر صاحبان،ائمہ مساجد و خطبا ء حضرات اوریونیورسٹی کے طلبہ و طالبات کثیر تعدادمیں شریک ہوئے، منبر ومحراب و پیغام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سفیرامن مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہاکہ امن دین امن و سلامتی ہے،
جوہمیں احترام انسانیت و خدمت انسانیت کادرس دیتا ہے،پاکستان میں امن و سلامتی،رواداری،بین المسالک و بین المذاہب ہم آہنگی اور پیغام پاکستا ن کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے،آج پاکستان کو پہلے سے زیادہ امن، اتحاد،استحکام اور قومی یکجہتی کی اشد ضرورت ہے،مولانا آزاد نے کہا کہ بھارت اورمودی کاناپاک ایجنڈا پاکستان میں نہیں چلے گا،ہم ایک متحد قوم بن کر ہی دشمن کو شکست دے سکتے ہیں،دشمن طاقتیں ہمیں لڑا کر انتشار پیدا کر کے کمزور کرناچاہتی ہیں،ہم متحد ہو کر دشمن کے تمام ناپاک عزائم خاک میں ملا دیں گے،مولانا آزاد نے کہا کہ ہم سب مسلمان ہیں اور ایک ہی کلمہ پڑھتے ہیں،پاکستان کلمہ کی بنیاد پر حاصل کیا گیا تھا ہمیں چاہیے کہ ہم اسلام کے پیغام امن اخوت،محبت،رواداری اور بھائی چارے کو سامنے رکھیں،وطن عزیز پاکستان میں امن و سلامتی کا قیام من حیث القوم ہم سب کی ذمہ داری ہے،آج مجھے بلوچستان کے شہر گوادر کی یونیورسٹی میں آکر بہت اچھا لگا،بلوچستان کے عوام غیور،بہادر،ایماندار اور محب وطن ہیں،ان کی پر خلوص محبت اور مہمان نوازی مثالی ہے،ہم پاکستان کی سلامتی اور تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے،ہمسایہ ملک بھارت اور دشمن طاقتوں کا ایجنڈا ہے کہ پاکستان میں نسلی اور مذہبی بنیادوں پر انتشارکی آگ بھڑ کائی جائے اورملک کو کمزور کیا جائے،علماء اور اساتذہ کرام اور عوام دشمن کاایجنڈا ناکام بنانے کے لیے اپنی صفوں میں اتحاد پیداکریں،پاکستان اللہ تعالیٰ کی نعمت عظمیٰ ہے پاکستان تاقیامت قائم رہنے کے لیے بنا ہے۔
،منبر ومحراب و پیغام پاکستان کے ذریعے علماء اور اساتذہ کرام تشدد سے پاک معاشرہ،احترام انسانیت،قومی یکجہتی کے پیغام کو عام کریں،سفیرامن مولانا سید محمدعبدالخبیر آزادنے کہاکہ پیغام پاکستان،پاکستان کا وہ عظیم بیانیہ ہے جسے پوری دنیا میں سراہا جا رہا ہے جس نے دہشت گردی اور انتہاء پسندی کی کمر کو توڑ دیا ہے،ہماری ہمدردیاں اور مکمل تعاون افواج پاکستان اور قومی سلامتی کے تمام اداروں کے ساتھ ہے،ہم ملک کی سلامتی اور تحفظ کے لیے افواج پاکستان اورتمام سیکورٹی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں،افواج پاکستان اورسیکورٹی اداروں نے ملک کے دفاع کو مضبوط بنایاہے جسے ہم خراج تحسین او ر سلام پیش کرتے ہیں،منبر ومحراب و پیغام پاکستان کانفرنس سے دیگر مقررین اور علماء کرام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان اور قومی سلامتی کے تمام ادارے ملک و قوم کیلئے باعث فخر ہیں،ہماری مسلح افواج اور سیکورٹی اداروں نے ملک کے دفاع کو مضبوط بنایاہے وطن عزیز پاکستان کی استحکام اورسلامتی کیلئے لازوال اور بے مثال قربانیاں دی ہیں جسے ہم سلام پیش کرتے ہیں،پیغام پاکستان جو پورے ملک کے تمام مسالک کا مشترکہ بیانیہ ہے جس پر پاکستان کے جید علماء کرام و مشائخ عظام کے دستحط موجودہیں،منبر و محراب کے ذریعے ہم پاکستان کی عوام اور نوجوان کو اتحاد اور قومی یکجہتی اور حب الوطنی کا پیغام دے رہے ہیں،مقررین نے کہا کہ پیغام پاکستان کی کامیابی نے ملک دشمن طاقتوں کو ناکام کیا ہے اور آئندہ بھی انہیں ناکامی ہوگی،ہم اس کانفرنس کے ذریعے دشمن کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم سب پاکستان کے پرچم تلے متحد ہیں اور ایک ہیں،پاکستان کا پرچم ہمیشہ سر بلند رہے گا انشاء اللہ، ہم پیغام پاکستان کو ہر گھر کی آواز بنا دیں گے،منبر ومحراب امت مسلمہ اورعالم اسلام کے اتحاد اور اسلام کے تحفظ و فروغ کا عظیم ذریعے ہیں،پیغام پاکستان منبر ومحراب کی آوازمذہبی ہم کا اہم ستون ہے۔
استحکام پاکستان منبرومحراب کا کردار تاریخی حیثیت رکھتاہے،علماء کرام و مشائخ عظام قومی سلامتی کے تمام اداروں کا دفاع منبرومحراب و پیغام پاکستان کے ذریعے کریں گے،کانفرنس میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے مقررین، علماء کرام،مشائخ عظام،ائمہ مساجد و خطباء و زعماء،عمائدین،معروف صحافی و کالم نگاراوردیگر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے احباب نے بھر پور شرکت کی جن میں مولانا انور الحق حقانی،مولانا قاری مہر اللہ،حاجی عدیل درانی،سردار محمد اقبال خلجی،مفتی محمد روزی خان، مولانا عبدالمتین طرابلسی، قاری عبدالحفیظ،مولانا اعجاز الحق، مولانا عصمت اللہ سالم،مولانا حزب اللہ عثمانی،مولانا پیر سید شبیر شاہ چشتی و دیگرحضرات نے شرکت و خطاب کیا،کانفرنس کے آخرمیں عالم اسلام کے اتحاد،حرمین شریفین کے تحفظ،وطن عزیز پاکستان کی سلامتی،ترقی و خوشحالی، استحکام پاکستان اور مقبوضہ کشمیر و فلسطین کی آزادی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔