مریم نواز شریف نے اسلام آباد کے ریڈ زون میں سندھ ہاؤس پر پی ٹی آئی کارکنوں کے دھاوے پر رد عمل دیتے ہوئے اپنے ٹوئٹر پیغام میں عمران خان پر کڑی تنقید کی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ’’حکومت تو نہیں بچا سکتے انشاء اللّہ، اگر کوئی بچی کھچی عزت ہے تو وہی بچا کے نکل جاؤ بھائی!۔
مریم نواز نے کہا کہ آپ ایک منتخب حکومت تو ہو نہیں کہ ڈٹ جاؤ، اس لئے اب غنڈہ گردی کا ہی آپشن رہ گیا ہے، پر یہ بھی ہمیشہ اُلٹا ہی پڑتا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے کئی اراکین قومی اسمبلی اسلام آباد کے سندھ ہاؤس میں موجود ہیں، جنہوں نے گزشتہ روز کئی سینئر اینکرز سے گفتگو کرتے ہوئے پارٹی قیادت اور پالیسیوں پر کڑی تنقید کی تھی۔
جس کے بعد آج پی ٹی آئی کے دو اراکین قومی اسمبلی کی سربراہی میں تحریک انصاف کے کارکنان نے سندھ ہاؤس پر دھاوا بولا اور گیٹ توڑ کر اندر داخل ہوگئے، جس پر پولیس نے ایم این ایز سمیت کئی کارکنان کو حراست میں لے لیا۔