کوئٹہ: پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کا رہنماء و سابق صوبائی وزیر عبیدللہ جان بابت نے کہا ہے کہ علاقہ کے عوام کو تعلیم، صحت اور انصاف کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے، صوبائی حکومت علاقہ کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے فوری اقدامات اٹھائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اسلام آباد میں عبدالصمد روشان کی طرف سے دیئے گئے عشائیہ میں شریک معززین علاقہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
عبیدللہ جان بابت نے کہا کہ ہم نے اپنے دور میں جو ترقیاتی منصوبے منظور کرائے بدقسمتی سے ان پر بعد میں عملدرآمد نہیں ہو سکا، انہوں نے کہا منتخب لوگوں کی ذمہ داری ہے کہ علاقے میں صحت کی بنیادی سہولیات کے لئے فوری اقدامات اٹھائیں اور بنیادی صحت مراکز میں وہ تمام سہولیات فراہم کریں جو دیگر علاقوں کو حاصل ہیں۔
عبیدللہ جان بابت نے کہا کہ بچوں اور بچیوں کی تعلیم پر توجہ دے کر محرومیوں کا خاتمہ ممکن ہے، حکومت کو چاہیے کہ علاقے کے معززین کو اعتماد میں لے کر کوئی جامع پلان آف ایکشن تشکیل دے تاکہ یہ علاقے ملک کے دیگر ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لائے جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ عوامی مفاد اور فلاح کے ہر اقدام کی حمایت کریں گے جو سیاسی مفاد سے ہٹ کر شروع کیا جائے گا،انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے جنوبی اضلاع میں میگا پروجیکٹس شروع کیئے جائیں تاکہ لوگوں کو روزگار کے مواقع ملیں۔