|

وقتِ اشاعت :   March 23 – 2022

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں ریکوڈیک معاہدہ تاریخی کامیابی ہے۔ یہ بات بلوچستان عوامی پارٹی کے ترجمان و مرکزی سیکرٹری اطلاعات چوہدری شبیر نے پارٹی کے کاکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ ریکوڈیک معاہدہ ناصرف مقامی آبادی بلکہ پورے بلوچستان کی دائمی ترقی اورروشن مستقبل کی ضمانت ثابت ہوگا،سابقہ نااہل حکمرانوں نے نہ صرف اس منصوبے کو جمود کا شکار رکھابلکہ بلوچستان کیلئے انتہائی قلیل حصہ پر اتفاق کیا۔

جبکہ بی اے پی کی حکومت نے قدوس بزنجو کی قیادت میں صو بے کے حقوق کیلئے اپنے ٹھوس موقف پر قائم رہتے ہوئے ناقابل مصالحت رویے اختیار کیا اور بلوچستان کے لئے مجموعی طور پر33فیصدحصہ حاصل کرکے ایک مثالی اور تاریخی کامیابی حاصل کی۔

ریکوڈیک منصوبہ بلوچستان کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگا،منصوبے پر عملی آغاز سے نہ صرف پاکستان بلکہ بلوچستان پر بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد مستحکم ہوگا ،بی اے پی کی قیادت نے تاریخ میں پہلی بار جمہوری انداز اختیار کرتے ہوئے نہ صرف معاہدے کی تمام تر تفصیلات منتخب ایوان میں پیش کیں بلکہ تمام سیاسی پارٹیوں اور اسٹیک ہولڈرز کو بھی اعتماد میں لے کر نئی مثال قائم کی۔

اپنے مثبت سیاسی رویے سے وزیراعلیٰ میر قدوس بزنجو کی قیادت میں موجودہ حکومت بین الاقوامی سطح پر اپنا مثبت تاثر قائم کرنے میں کامیاب رہی ہے کہ بلوچستان حکومت ایک زیرک مخلص سیاسی قیادت میں کام کررہی ہے جو بلوچستان کے ساحل وسائل کو نہ صرف عوام اور صوبے کے معاشی استحکام کے لئے بروئے کار لانے بلکہ انکے تحفظ کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔