|

وقتِ اشاعت :   March 24 – 2022

ریکوڈک معاہدہ سے متعلق پریس کانفرنس میں معاملات پر بات کرونگا تحریک عدم اعتماد ایک دن بعد آئے یا سو دن بعد فرق نہیں پڑتا، میڈیا سے گفتگو.
کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے ناراض بلوچوں کو قومی دھارے میں شامل ہونے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ہم سب کا ہے،

ریکوڈک معاہدہ سے متعلق پریس کانفرنس میں معاملات پر بات کرونگا۔ رکن اسمبلی ظہور بلیدی کو غلط نہیں کہوں گا ان کے رویہ پر افسوس ہے صوبے میں تحریک عدم اعتماد ایک دن بعد آئے یا سو دن بعد مجھے فرق نہیں پڑتا،یہ بات انہوں نے ایوب اسٹیڈیم میں یوم پاکستان کے مناسبت سے منعقدہ تقریب میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ 23 مارچ پاکستان کا اہم ترین دن ہے، آج کے دن ناراض بلوچوں کو قومی دھارے میں شامل ہونے کی دعوت دیتا ہوں، پاکستان ہم سب کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریکوڈک معاہدہ سے متعلق پریس کانفرنس کرکے تمام معاملات پر بات کرونگا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو دھرنے ورثے میں ملے ہیں باقی تمام دھرنے ختم ہوگئے،

ینگ ڈاکٹرز کا مسئلہ بھی جلدحل ہوجائیگا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے افسوس ہے رکن اسمبلی ظہور بلیدی ہمارے اچھے ساتھی تھے انہیں غلط نہیں کہوں گا حکومت بناتے وقت وہ ہمارے ساتھ رہے وہ اپنی جگہ ٹھیک ہیں میں اپنی جگہ ٹھیک ہوں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ ہر قسم کی تھریٹس کو جوتے کی نوک پر رکھتاہوں زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ صوبے میں عدم اعتماد کی تحریک کی باتوں میں نہیں آتے تحریک عدم اعتماد ایک دن بعد آئے یا سو دن بعد انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔وفاق میں عدم اعتماد کے حوالے سے مکمل اختیار بی اے پی کے وفاقی نمائندوں کو دیا ہے بی اے پی کے وفاقی نمائندوں کو بلوچستان کیلئے جو ٹھیک لگے وہ فیصلہ کریں۔انہوں نے کہا کہ یوم یکجہتی پاکستان لوگوں نے بھرپور جوش و خروش سے منایا۔