|

وقتِ اشاعت :   March 26 – 2022

مچھ: ممتاز قبائلی وسیاسی سماجی رہنما میر حضور بخش بنگلزئی نے کہا ہے کہ مچھ شہر کی طبی سہولیات کیلئے 2006 میں تعمیر ہونے والی میڈیکل کمپلیکس ہسپتال سولہ سال گزرنے کے باوجود بھی غیر فعال ہیں علاج کی سہولت نہ ہونے کیوجہ سے ہزاروں شہریوں کو مشکلات اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے مچھ کے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ مچھ سمیت ضلع کچھی میں طبی سہولیات نہ ہونے کیوجہ سے کچھی کے بیمار شہری ایڑیاں رگڑ رگڑ کر اپنی جان دے رہے ہیں جو باعث تشویش آمر ہے مچھ شہر ایک ایسے سنگم پر واقع ہے جہاں روڑ حادثات اور کوئلہ کانوں کے حادثات آئے روز رونما ہوتے ہیں ان کے زخمیوں کو بھی مچھ لایا جاتا ہے جہاں ناکافی طبی سہولیات کے پیش نظر کوئٹہ منتقل کیا جاتا ہے۔

جس میں اکثر شدید زخمی بروقت طبی سہولت نہ ملنے کیوجہ سے اپنی جان گنوابیٹھتا ہے حکومت نے عوامی شکایت کے پیش نظر مچھ شہر میں سولہ قبل میڈیکل کمپلیکس تعمیر کرائی لیکن باوجود اس کے میڈیکل کمپلیکس تاحال غیر فعال اور نامکمل ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ مچھ شہر میں تعمیر ہونے والی میڈیکل کمپلیکس کو فلفور بحال کیا جائے تاکہ عوام طبی سہولیات کے حصول کیلئے در در کی ٹوکریں کھانے کی بجائے مفت علاج کی سہولت سے مستفید ہوسکے۔